صوبائی وزیر خزانہ کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام کا جائزہ اجلاس

Jan 03, 2019

لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت گزشتہ روز محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میں محکمہ سکول ایجوکیشن کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میںصوبائی وزیر برائے سکول ایجوکیشن مراد راس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ حبیب الرحمان گیلانی ، سیکرٹری فنانس شیخ حامد ، سیکرٹری سکول ایجوکیشن ظفر اقبال اور مذکورہ محکموں کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینا اور آئندہ ترقیاتی پروگرامز کی مالی منصوبہ بندی کے لیے فریم ورک تجویز کرنا تھا۔وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا کہ تعلیم کا شعبہ تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے ۔ خواندگی کی شرح میں اضافے کے بغیر غربت کا خاتمہ ممکن ہے نہ معیشت کا استحکام ۔ رواں مالی سال میں گزشتہ حکومت کے جاری منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ آئندہ ترقیاتی پروگرامز کی تیاری اور معاشی منصوبہ بندی بنیادی اہمیت کی حامل ہے اس لیے تمام محکموں کو یہ ہدایت کی جا رہی ہے کہ وہ رواں جاری ترقیاتی پروگرامز کے جائزہ کے ساتھ میڈ ٹرم بجٹ فریم ورک بھی تیار کریں تاکہ آئندہ بجٹ کی تیاری سے قبل ترقیاتی منصوبہ جات کے لیے مالی منصوبہ بندی کی جا سکے ۔

مزیدخبریں