وزیراعلیٰ عثمان بزدار صاحب نے اپنی مسلسل محنت، کوشش اور اعلیٰ منصوبہ بندی سے صوبہ پنجاب میں خوشحالی کو عام کرنے کے لیے منظم اور جامع پروگرام ترتیب دیئے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار صاحب تسلسل کے ساتھ اپنی کابینہ میٹنگز لے رہے ہیں۔ صوبہ پنجاب میں جاری شدہ مختلف ترقیاتی پروگراموں اور پالیسز کو خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع کے دورے کر رہے ہیں اور صوبہ پنجاب میں انتظامیہ کو مسلسل متحرک رکھ کر بہترین منتظم اور صوبہ پنجاب کے چیف ایگزیکٹو کی ذمہ داریوں کو بہت احسن اور اعلیٰ طریقے سے ادا کر رہے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار صاحب نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ایک عمل پسند، شفافیت پسند اور صاحب کردار وزیراعلیٰ ہیں۔شاعر مشرق علامہ اقبال نے کیا خوب فرمایا؎
تندی باد مخالف سے نہ گھبرا اے عقاب
یہ تو چلتی ہے تجھے اونچا اڑانے کے لیے
محترم وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار صاحب بادِ مخالف کے کئی طوفانوں سے اور کئی آندھیوں سے مردانہ وار ٹکرائے ہیں۔ ان کے پائے استقامت میں ہرگز لرزش پیدا نہیں ہوئی۔نہ وہ مخالفین کے خلاف او چھے ہتھکنڈوں کو استعمال کرنے کے لیے آمادہ ہوئے اور نہ ہی انہوں نے مخالفین کے خلاف انتقکامی کارروائی کو پسند کیا۔یہ طرز عمل ان کے اعلیٰ ظرف انسان ہونے کی علامت اور سیاست میں وسعت قلبی کی بہت عمدہ مثال ہے۔وزیراعلیٰ نے ڈیڑھ سال کی مختصر مدت میں صوبہ پنجاب میں ترقیاتی کاموں کا بڑا وسیع جال پھیلا دیا ہے۔تمام منصوبے تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ جنوبی پنجاب کا احساس محرومی دور کرنے کے لئے بھی انہوں نے خصوصی توجہ اور دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اتنے طویل عرصہ کے بعد پسماندہ اور دوردراز اضلاع کے لیے جامع منصوبہ بندی کے تحت اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص کیے ہیں۔ اس سے جنوبی پنجاب کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سڑکوں کے نئے جال بچھائے جا رہے ہیں۔ ہسپتال اپ گریڈ ہو رہے ہیں نئے تعلیمی اداروں کا قیام اور پہلے سے موجود تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔
واٹر سپلائی کے منصوبے‘ نہروں کی تعمیر‘ فلائی اوورز کی تعمیر‘ لائٹنگ اور نکاسی آب کے منصوبے‘ سپورٹس کمپلیکیس کی تعمیر‘ الغرض جنوبی پنجاب کے اضلاع میں قیام پاکستان کے 70 سال بعد عثمان بزدار پہلے وزیراعلیٰ پنجاب ہیں جنہوں نے حقیقی معنوں میں صوبہ پنجاب کے اندر انقلاب برپا کر دیا ہے، بطور خاص جنوبی پنجاب کے اضلاع کے کروڑوں عوام کے وزیراعلیٰ، پنجاب کے ترقیاتی اقدامات ان کے لئے طمانیت اور خوشی کا ذریعہ بنے ہیں۔ان سطور میں جنوبی پنجاب کے صرف دو اضلاع خانیوال اور ضلع وہاڑی میںترقیاتی اقدامات کا خلاصہ بطور مثال پیش کیا جا رہا ہے۔ ضلع خانیوال کے لئے وزیراعلیٰ نے 18 ارب روپے کی کثیر گرانٹ جاری کی ہے جس میں 13ارب روپے سے نئی سڑکوں کی تعمیر کی جائے گی اور خستہ حال سڑکوں کو دوبارہ استعمال کے قابل بنایا جائے گا۔ 1.5ارب روپے کی لاگت سے سیوریج سسٹم کی تعمیر اور نکاسی آب کا کام مکمل کیا جائے گا۔37کروڑ روپے تعلیمی اداروں کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔50کروڑ روپے سے زائد کی گرانٹ کھیلوں کے لئے۔58کروڑ روپے صحت کے نظام میں بہتری کے لئے۔ 46کروڑ روپے سے دیہات کے رابطہ سڑکوں کی تعمیر و بحالی کی جائے گی۔1.5ارب روپے سے نئی سڑکاری عمارتوں کی تعمیر اور بحالی کا کام مکمل ہوگا۔ایسے ہی ضلع خانیوال کے دیگر شعبہ جات کے لئے کروڑوں روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ضلع وہاڑی کے لئے محترم وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے 17ارب روپے کی کثیر گرانٹ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لئے جاری کی ہے۔ 8ارب سے ضلع وہاڑی میں نئی سڑکیں تعمیر ہوں گی۔ فلائی اوورز کی تعمیر ہو گی نکاسی آب اور سٹریٹ لائٹ کا انتظام ہوگا۔ 5ارب56کروڑ31لاکھ روپے کی کثیر گرانٹ سے ضلع وہاڑی میں نہروں کی تعمیر و بحالی کا کام مکمل ہو گا۔ 1ارب59کڑوڑ14لاکھ روپے واٹر سپلائی۔ فلٹریشن اور سیوریج سسٹم کے لئے منظور کئے گئے۔ 81کروڑ76لاکھ روپے سے میلسی ہسپتال میں ڈائیلسز یونٹ کا قیام اور بوریوالا ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں 110بیڈز کا اضافہ‘ تفصیل لمبی ہے ہم نے بطور نمونہ چند فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں کا تذکرہ کر دیا ہے‘ ایسے ہی ڈیرہ غازی خان‘ ضلع راجن پور و دیگر اضلاع کے عوام کے لیے فلاحی و ترقیاتی منصوبوں کے لیے اربوں روپے کی کثیر گرانٹ سے ان پسماندہ اضلاع کو ترقی یافتہ بنانے اور عوام کا احساس محرومی دور کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے سیاسی اقدامات، ترقیاتی اقدامات اور صوبہ پنجاب کے پسماندہ اور دُور افتادہ اضلاع کے عوام کیلئے بہترین پیکجز دے کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ صوبہ پنجاب کے عوام کے لیے ایک آئیڈیل وزیر اعلیٰ ہیں۔ صوبہ پنجاب کے متعدد اضلاع میں اعلیٰ اور صاف ستھری رہائش گاہوں کا قیام جن میں مسافر اور غریب لوگ قیام اور طعام کی بہترین سہولتیں حاصل کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان صاحب کی ہدایت کے عین مطابق ان پناہ گاہوں کا جال بچھا کر اور عمدہ انتظامات کر کے اور مسلسل نگرانی کے ذریعے عثمان بُزدار نے عوام دوستی، غریب پروری اور جذبہ خدمت کا سکہ جما دیا ہے۔ الیکشن 2018ء کے بعد صوبہ پنجاب کے لیے وزیر اعلیٰ کا انتخاب اور چنائو وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بطور خاص بہت غور و فکر اور طویل مشاورت سے کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی کرسی پر بیٹھنے کے لیے امیدواروں کی لمبی قطاریں تھیں۔ ان تمام امیدواروں میں وزیراعلیٰ پنجاب کا تاج عثمان بُزدار کے سر پر سجایا گیا۔ عثمان بُزدار نے اپنے سیاسی طرزعمل اور صوبہ پنجاب کے لیے بہترین فلاحی اقدامات کر کے ثابت کر دیا کہ وہ عمران خان کا حُسنِ انتخاب ہیں۔ عثمان بزدار لوگوں کو اپنا بنانے اور اپنا مؤقف سمجھانے کی بھی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
٭…٭…٭