اسلا م آباد (وقائع نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ نے جج ارشد ملک وڈیو کیس میں ڈی جی ایف آئی اے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے جبکہ کیس کے تفتیشی افسر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اعجاز شیخ کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے جمعرات کو چیف جسٹس اطہر من اللہ نے بیرسٹر جہانگیر خان جدون کی ڈی جی ایف آئی اے کے خلاف توہین درخواست پر سماعت کی ۔ درخواست گزار وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ عدالت نے گزشتہ برس نومبر میں ایف آئی اے کو غیر ضروری ہراساں کرنے سے روکا تھا، عدالتی حکم کے باوجود ایف آئی اے نے ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ بیرسٹر جہانگیر جدون نے ایف آئی آر کی کاپی عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے دفتر پر چھاپا مارنے والا اسسٹنٹ ڈائریکٹر اعجاز شیخ خود ایف آئی اے کا ملزم ہے۔ سابق ڈی جی ایف آئی اے نے بھی کہا تھا کہ کارروائی کے لیے سیاسی دباؤ ڈالا جارہاہے۔ عدالت نے نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دی ۔