لاہور(اپنے نامہ نگار سے) سیشن کورٹ میں زیر سماعت مقدمے کے فریقین کے درمیان تصادم سے ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ تصادم کے دوران فریقین کی جانب سے ایک دوسرے پر کرسیاں اٹھا کر ماری گئیں۔ سیشن کورٹ میں یہ ناخوشگوار واقعہ اس وقت پیش آیا جب تھانہ ڈیفنس بی میں درج مقدمہ قتل کے دو ملزمان نجم الحسن اور فاطمہ بی بی عدالت میں حاضری کیلئے پیش ہوئے، عدالتی کارروائی کے بعد جب نجم الحسن اور فاطمہ بی بی واپس جانے لگے تو مدعی پارٹی کے چار افراد نے دونوں ملزمان پر دھاوا بول دیا اس دوران حملہ آوروں نے ملزمان پر کرسیوں کا آزادانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں نجم الحسن اور فاطمہ بی بی شدید زخمی ہوگئی۔ تصادم کے دوران عدالت کی سکیورٹی نے چاروں حملہ آوروں کو حراست میں لے کر تھانہ اسلام پورہ پولیس کے حوالے کردیا جبکہ پولیس نے چاروں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ حملہ آوروں میں عدیل، عابد، عابدہ بی بی اور یوسف شامل ہیں۔