غریب عوام کو رعایت دینے کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو6 ارب روپے جاری

لاہور، اسلام آباد ( کامرس رپورٹر + نمائندہ خصوصی) وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ذریعے بنیادی غذائی اجناس پر غریب عوام کو رعایت دینے کیلئے چھ ارب روپے کی رقم جاری کردی ہے۔ ترجمان یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے مطابق پانچ ارب ضروری اشیائے خورونوش کی خریداری اور 1 ارب روپے ماہانہ سبسڈی کی مد میں جاری کیے ہیں۔ وفاقی حکومت نے جن اشیاء پر رعایت دی ان میں چینی، دالیں، آٹا، گھی اور چاول شامل ہیں۔ وفاقی حکومت نے پاسکو سے2 لاکھ میٹرک ٹن سستی گندم بھی مہیا کی ہے جس سے ملک بھر میں سستے آٹے کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن میں ضروری اشیائے خورونوش کی خریداری کا سلسلہ مکمل ہونے والا ہے جس کے بعد وزیر اعظم پاکستان عمران خان 7 جنوری کو اس پیکج کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر کے تمام سٹورز پر روزمرہ استعمال کی اشیاء سستے داموں دستیاب ہوں گی اورعوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہوگا۔وفاقی حکومت بھی عوام کی مشکلات کو دور کرنے کے لیے دیئے گئے پیکج پر نظر رکھے گی۔

ای پیپر دی نیشن