کرنل (ر) انعام الرحیم سرکاری ادارے کی تحویل میں ہیں‘ ہائیکورٹ کوآگاہ کر دیا گیا

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس مرزا وقاص رئوف نے کرنل (ر) انعام الرحیم ایڈووکیٹ کے اغوا پر وزارت دفاع اور متعلقہ حکام سے آج جمعہ کو جواب طلب کرلیا۔ شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ، واصف چوہدری ایڈووکیٹ نے پیروی کرتے ہوئے موقف پیش کیا کہ فاضل وکیل کو تھانہ مورگاہ کے علاقے میں17 دسمبر کو ان کے گھر سے اغوا کیا گیا۔ اس موقع پر عدالت عالیہ کو آگاہ کیا گیا کہ فاضل وکیل سرکاری ادارے کی تحویل میں ہیں جن کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔ عدالت عالیہ نے فاضل وکیل کو تحویل میں رکھنے کے حوالے سے جمعہ کو مجاز حکام سے جواب طلب کرلیا۔ سماعت کے دوران پاکستان بار کونسل کے صدر امجد شاہ، ہائیکورٹ راولپنڈی بار کے صدر غلام مصطفیٰ کندوال، جنرل سیکرٹری فیصل ایڈووکیٹ اور ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے صدر سہیل تنویر شاہ بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن