پاکستان ہاکی فیڈریشن کا رواں برس لیگ کرنے کا اعلان

Jan 03, 2020

لاہور( سپورٹس رپورٹر +نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے رواں برس ہاکی لیگ کروانے کا اعلان کر دیا۔ سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ لیگ 2020 میں ہی ہو گی، قوم کو لیگ کی تفصیلات کے بارے میں میڈیا کے ذریعے جلد آگاہ کیا جائیگا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئر ایشیا کپ کے لیے نئی ٹیم مینجمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ اولمپیئن دانش کلیم کو قومی جونیئر ہاکی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا جبکہ ان کیساتھ معاون کوچز میں مدثر علی خان، ایم عمران اور ظہیر بابر شامل ہیں۔ اس بات کا اعلان سیکرٹری پی ایچ ایف اولمپیئن آصف باجوہ نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چاروں کوچز کو ڈومیسٹک ہاکی میں ٹیم کی کوچنگ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے مقرر کیا گیا ہے۔ ایسی باتوں میں کوئی صداقت نہیں کہ فیڈریشن میں نظر آنے والے افراد کو ہی کوچنگ کی ذمہ داری سونپی جا رہی ہے۔ دانش کلیم کی کوچنگ میں حاہی میں کسٹمز ٹیم نے جونیئر نیشنل چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے جبکہ ظہیر بابر سوئی سدرن گیس کمپنی کے، ایم عمران ماڑی پیٹرولیم کے اور مدثر علی خان واپڈا ٹیم کی کوچنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ 2020ء میں ملک میں اور انٹرنیشنل سطح پر ترقی کرتی کھائی دیگی۔ فیصلہ کیا ہے سال بھر میں نیشنل ہاکی ٹیم کو 35 کے قریب انٹرنیشنل میچز مہیا کریں کیونکہ ایف آئی ایچ رینکنگ کے نئے قانون کے تحت اب پوائنٹس ٹورنامنٹ کے میچز پر نہیں بلکہ انٹرنیشنل سیریز کے میچز پر بھی دیئے جائیں گے۔ پاکستان ہاکی کا سفر بہتری کی جانب چل پڑا ہے سب کو تبدیلی نظر آئیگی۔

مزیدخبریں