پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اصافہ مزید مہنگائی کے طوفان کا پیش خیمہ قرار

حیدرآباد /سکھر(نمائندہ نوائے وقت/بیورورپورٹ) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مزید مہنگائی کے طوفان کا پیش خیمہ قرار دیتے ہوئے اُس پر اپنے دِلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وہ چیمبر سیکریٹریٹ میں آئے ہوئے تاجر و صنعتکاروں کے وفد سے ملاقات کے بعد خطاب کررہے تھے۔ اُنہوں نے کہاکہ حکومت کی معاشی پالیسیاں وعدوں کے باوجود عوام دوست نظر نہیں آتیں، اُنہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان، وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور مشیر صنعت و تجارت عبدالرزاق دائود سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کریں تاکہ مہنگائی کم ہو۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ تمام اشیائے صرف میں اضافہ کرتا ہے اور ہر چیز متاثر ہوتی ہے۔ اِس موقع پر سینئر نائب صدر معیز عباس، نائب صدر محمد یاسین خلجی، سابق صدر محمد اکرم انصاری اور مختلف تجارتی و صنعتی انجمنوں کے عہدیداران موجود تھے،سکھرسے بیورورپورٹ کے مطابق انجمن شوکت السلام سکھر کے جنرل سیکرٹری حاجی اعجاز میمن نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں جاری مہنگائی کے طوفان نے پہلے ہی غریب آدمی کا پریشان کررکھا ہے پیٹرول کی قیمت میں تین روپے کا اضافہ کرنے سے مہنگائی میں مزید اضافہ اور عوام کی مشکلات بڑھیں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر اشفاق سعید اعوان ، حبیب خان ، تو قیر میمن دیگر بھی موجود تھے ۔

ای پیپر دی نیشن