علامہ اقبال او پن یونیورسٹی نے15جنوری سے شروع ہونے والے سمسٹر بہار 2020ءکے داخلہ فارمز ڈاکخانوں کے ذریعہ وصول کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے قبل ازیں یونیورسٹی کو داخلہ فارمز نامزد بینکوں کے ذریعہ موصول ہوتے تھے داخلہ فارمز گُم ہونے کی شکایات موصول ہونے پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم نے نوٹس لیتے ہوئے داخلہ فارم ارسال کرنے کا طریقہ کار تبدیل کردیا ہے نئے طریقے کے مطابق داخلے کے خواہشمند طلبہ مطلوبہ فیس جمع کرانے کے بعد اب اپنا داخلہ فارم خود بذریعہ رجسٹری ڈاک ارسال کریں گے ۔ طلبہ کو الائیڈ بینک مسلم کمرشل بینک یو بی ایل اور فرسٹ وویمن بینک کی کسی بھی برانچ میں فیس جمع کروانے کے لئے صرف چالان فارم پیش کرنا ہوگا طلبہ کو بینک کے واپس کردہ چالان )سٹوڈنٹ کاپی(کے ساتھ لگے ایڈریس لیبل کو چالان سے الگ کرکے کسی لفافے پر چسپاں کرکے چالان کی "یونیورسٹی کاپی"کو مکمل شدہ داخلہ فارم کے ساتھ لف کرکے اِس لفافے میں ڈال کرقریبی پوسٹ آفس میں جاکر رجسٹری کروانا ہوگا ۔ طلبہ کو ادا شدہ فیس کی رسید حاصل کرکے یونیورسٹی کی جانب سے کتب موصول ہونے تک اپنے پاس سنبھال کرکھنے کی ہدایت کی گئی ہے واضح رہے کہ طلبہ کو رجسٹری کے پیسے پوسٹ آفس کو نہیں دینے ہوں گے کیونکہ یہ پیسے یونیورسٹی پوسٹ آفس کو دے چکی ہے۔