تل ابیب، واشنگٹن (آئی این پی) اسرائیلی فوج میں شمالی محاذ کی کمان کے ایک جنرل نے خدشہ ظاہرکیا ہے کہ لبنانی ملیشیا حزب اللہ مستقبل قریب میں اسرائیل پر حملہ کریگی۔ اسرائیل ممکنہ حملے کیلئے بالکل تیار ہے اور اس حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔ بین الاقوامی میڈیا نے ’’اسرائیل ٹو ڈے‘‘اخبار کے حوالے سے لکھا ہے کہ مذکورہ افسر نے بتایا ہے کہ شمالی سرحد ایسی کشیدگی کی جانب بڑھ رہی ہے جس کے ساتھ کئی روز تک لڑائی جاری رہ سکتی ہے۔ ادھر امریکہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران مشرق وسطیٰ میں امریکی افواج اور امریکی تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ اس ضمن میں ایک امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں ایران کے ممکنہ حملے کے اشارے ملے ہیں۔ نہیں معلوم کہ ایرانی تیاری دفاعی یا جارحانہ ہے۔ این بی سی نیوز نے ایک امریکی عہدے دار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران خطے میں امریکی افواج پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ یہ بات ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سابق کمانڈر قاسم سلیمانی کی برسی کے موقع پر سامنے آئی ہے۔