ہمارے اسلاف نے قیام ِ پاکستان کیلئے بے پناہ قر بانیاں دیں ، پیر نقیب الرحمن 

راولپنڈی( اپنے سٹاف رپورٹرسے) دربار عالیہ عید گاہ شریف میں آج شیخ المحدثین و المفسرین الحاج الحافظ پیر محمد عبدالرحمن المعروف قبلہ عالم ثانی رحمۃ اﷲ علیہ کے سالانہ عرس کے موقع پر استحکام ِ پاکستان کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت سجادہ نشین عید گاہ شریف پیر محمد نقیب الرحمن نے کی ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سجادہ نشین پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ قیام ِ پاکستان و استحکام ِ پاکستان میں بے شمار قربانیاں، خدمات اور اپنا تن من دھن نثار کر کے ایک اسلامی مملکت خداداد پاکستان کا حصول ہمارے اسلاف کا عظیم ترین کارنامہ ہے جس پر نا صرف ہمیں فخر ہے بلکہ انشاء اﷲ تعالیٰ تا قیام ِ قیامت یہ ہماری تاریخ کا سنہرا باب رہے گا ۔ آج ضرورت اِس امر کی ہے کہ ہم اپنی چھت ، اپنے گھر پاکستان کی حفاظت و سلامتی ، ترقی و سر بلندی کیلئے اپنے اسلاف کے نقش ِ قدم پر عمل پیرا ہوں ۔ حضور نبی رحمتؐ  کی شریعت مطہرہ پر چلتے ہوئے بندہِ ربِ کریم کے ایسے قرب میں پہنچ جاتا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ سے جو مانگتا ہے اسے عطا کر دیا جاتا ہے۔ بزرگانِ طریقت عید گاہ میں ایسی ہی عظیم ہستی شیخ المحدثین و المفسرین الحاج الحافظ پیر محمد عبدالرحمن المعروف قبلہ عالم ثانی رحمۃ اﷲ علیہ کی ہے جنہوں نے نا صرف شریعتِ مطہرہ کو خودمضبوطی سے تھاما بلکہ برِ صغیر پاک و ہند کے کروڑوں مسلمانوں کو اس راہ پر گامزن کیا اور مخلوقِ خدا کا تعلق مدینہ منورہ سے مضبوط سے مضبوط تر کر کے بندگانِ خدا کے قلوب و اذہان پہ نقش کیا کہ حقیقی کامیابی صرف اور صرف اتباعِ رسولِ مقبول  ؐ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ حضرت پیر ثانی  ؒ نے ترویج و اشاعتِ دینِ متین اسلام اور حضور نبی رحمت ؐ  کی غلامی کی جانب لوگوں کو بلانے کے لئے پوری دنیا میںبے شمار تبلیغی دورے بھی کئے اور قرآنِ کریم و احادیثِ مبارکہ کے اپنے دروس کے ذریعے مخلوقِ خدا کا تعلق دربارِ رسالت مآب  ؐ  سے مضبوط سے مضبوط تر کیا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ حضرت پیرِ ثانی ؒ دربارِ رسالت مآبؐ  سے ایسے نوازے گئے کہ آج بھی آپ کا روضہ مبارک مرجع خلائق اور دعاوٗں کی مقبولیت کا مرکز ہے۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی اُمور پیر ڈاکٹر نور الحق قادری نے کہا کہ آستانہ عالیہ عید گاہ شریف کی قیام ِ پاکستان سے لے کرابتک کی خدمات آبِ زر سے لکھنے کے قابل ہیں جہاں سے اُمت ِ مسلمہ اور بالخصوص پاکستانیوں کو وحدت و اخوت ، رواداری ، بھائی چارے اور امن و سلامتی کا درس دیا جاتا ہے اور استحقام ِ پاکستان کیلئے ہر کاوش اور ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جاتی ہے ۔  

ای پیپر دی نیشن