این ایچ اے کامانسہرہ تا بابو سر ٹاپ 573 مقامات پر تجاوزات کیخلاف تین مراحل میں آپریشن کا اصولی فیصلہ

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ مانسہرہ کے ہمراہ مانسہرہ تا بابو سر ٹاپ (گیٹی داس) 573 مقامات پر تجاوزات کے خلاف اگلے ہفتہ سے تین مراحل میں آپریشن کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے، 82  افراد کو نوٹس جاری کر دیئے گئے۔ ناران بازار میں 265 مقامات، مہانڈری بازار 28،  جرید بازار 23، کاغان بازار 28، پارس 123، راجوال بازار 27 اور دیگر 18 مقامات پر تجاوزات کی نشاندہی کی گئی۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ این ایچ اے نے مانسہرہ شاہراہ کاغان گیٹی داس تک سڑک پر قابضین کے خلاف فائنل نوٹسز کے بعد گرینڈ آپریشن کیلئے تجاوزات کی نشاندہی کر دی ہے۔ اس سلسلہ میں ازخود تجاوزات کے خاتمہ کیلئے 83 افراد کو نوٹس دیئے گئے تاہم تجاوزات بدستور قائم ہیں جس کے بعد این ایچ اے نے مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کی مدد سے آپریشن کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق این ایچ اے کی جانب سے شاہراہ کاغان پر ٹوٹل 573 مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں تجاوزات ہوئی ہیں جن میں سب سے بڑی تجاوز ناراں بازار میں کی گئی ہے جہاں 265 دکانیں و مقامات سڑک پر بنی ہوئی ہیں۔ اسی طرح دیگر بازاروں جرید، مہانڈری، کاغان، ہری بازار میں بڑے پیمانہ پر تجاوزات کی نشاندہی ہوئی ہے۔ این ایچ اے ذرائع کے مطابق پہلے مرحلہ میں کیوائی تا کاغان روڈ کو تجاوزات سے پاک کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلہ میں مانسہرہ تا کیوائی اور تیسرے مرحلہ میں کاغان تا گیٹی داس آپریشن کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ آپریشن جنوری کے پہلے ہفتہ میں شروع کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن