نئے سال کا سورج طلوع ہو چکا۔ ہر شخص آنکھوں میں اپنی مرضی اور خواہشات کے خواب سجائے ایک سہانے اور شاندار مستقبل کا خواہاں ہے ۔ جہاں ایک درد مند پاکستانی اپنے معاشی اور معاشرتی حالات کی بہتری کیلئے دعا گو ہے ، وہاں اپنے ملک کی سلامتی اور بقا کیلئے بھی اللہ تعالی کے حضورہاتھ پھیلائے ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کی تمنا میں سر بسجود ہے۔ دیکھا جائے تو دنیائے عالم کی تاریخ میں 2020ء سے سخت ترین سال نہیں گزرا ۔ ایک طرف تو کئی بڑی بڑی تجارتی کمپنیاں کوویڈ ۔19کی تباہ کاریوں کی وجہ سے دیوالیہ ہونے کے قریب ہیں دوسری طرف ایسے افراد بھی قریب المرگ ہیں جو خطِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور تھے۔ گزشتہ سال پاکستانی عوام کوویڈ ۔19 کی بنا پر ہونیوالے لاک ڈائون نے تو ادھ موا کر ہی دیا تھا لیکن اسکے ساتھ ساتھ سونے پہ سہاگہ یہ ہوا کہ حکومت کو خود سمجھ نہیں آرہی تھی کہ ایسے مشکل حالات سے کیسے نمٹا جائے اور اس بات کا بر ملا اظہار ہمارے موجودہ وزیر اعظم عمران خان ایک انٹرویو میں بھی کر چکے ہیں ۔ اس بیماری نے اندرون ملک کاروبار کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ ہماری برآمدات میں بھی خلل ڈالا ہے ۔ امریکہ اور یورپ کی عالمی منڈیاں بند ہونے کی وجہ سے نہ صرف ادائیگی متاثر ہوئی بلکہ اسکے ساتھ ساتھ ذرائع نقل و حمل کی عدم دستیابی کی وجہ سے آرڈرز کی بر وقت فراہمی ممکن نہ ہو سکی ۔مارچ 2019ء سے ہنگامی طور پر شروع ہونیوالے لاک ڈائون کی وجہ سے ملک ِ عزیز پاکستان میں افراط زرا ور مہنگائی کی شرح میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا ۔ ایک بین الاقوامی ویب سائٹ کیمطابق پاکستان میں مہنگائی اور افراط زر کی شرح 6.74سے بڑھ کر 10.74فیصد تک پہنچ چکی ہے جبکہ ادارہ شماریات کے اندازے کے مطابق موجودہ حکومت کے دور مالی سال 20-2019 میں مہنگائی کی اوسط شرح 10.74 فیصد رہی جو مالی سال 18-2017 میں 4.68 فیصد تھی۔
محکمہ شماریات کی سابقہ ماہ کی رپورٹ میں اعتراف کیا گیا ہے کہ اگست 2018 تا نومبر 2020 کے دوران دال کی قیمتوں میں 50تا 109روپے جبکہ بکرے کا گوشت 203 روپے اور گائے کا گوشت 98 روپے فی کلو مہنگاہوا ہے۔پی ٹی آئی حکومت کے 800 روز میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا بھی مہنگا ہوا، اگست 2018 میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی اوسط قیمت 771 روپے تھی جو بڑھ کر اب 989 روپے ہوگئی۔ادارہ شماریات کی دستاویز کے مطابق موجودہ حکومت کے دور میں تازہ دودھ 20 روپے فی لیٹر، دہی 19 روپے، آلو 40 روپے، پیاز 37 روپے، چاول 15 روپے، لہسن 114 روپے اور مرغی زندہ برائلر 89 روپے فی کلو جبکہ ڈھائی کلو گھی کا ٹن 160 روپے مہنگا ہوا، اسی عرصے کے دوران انڈوں کی قیمتوں میں 72 روپے فی درجن اضافہ ہوا۔یاد رہے کہ موجودہ حکومت نے اپنے دور میں سب سے زیادہ بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں بار بار اضافہ کیا ہے ایک اندازے کیمطابق موجودہ دور حکومت میں بجلی 3 روپے 85 پیسے فی یونٹ اور گیس کی قیمتوں میں 334 فیصد تک اضافہ ہوا جبکہ قیمتوں میں اضافے کا بجلی اور گیس صارفین پر مجموعی طور پر 550 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ ڈالا گیا۔اگست 2018 سے نومبر 2020 کے دوران ایک ڈالر 36 روپے مہنگا ہوکر 123 سے بڑھ کر 159 روپے کا ہوگیا جبکہ ڈالر کی بلند ترین سطح ایک موقع پر 167 روپے پر بھی پہنچ گئی تھی۔ملک عزیز پاکستان کے عوام کے اندازِ رہن سہن کا مطالعہ کیا جائے تو 40فیصدپاکستانی خاندان خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں جبکہ بقیہ 55فیصد وہ سفید پوش طبقہ ہے جنکے پاس ماہانہ بچت کی مد میں کچھ بھی نہیں بچتا اور انکی گزر بسر کا انحصار صرف ماہانہ آمدنی پر ہے اگر خدانخواستہ کسی مہینے میں ان کی آمدن میں کسی قسم کا ردو بدل ہوتا ہے تو وہ قرضہ لینے پر مجبورہو جاتے ہیں۔ اگر کرونا کی وجہ سے کاروباری بدحال کا یہی حال رہا تو وہ دن دور نہیں جب ہر دوسرا خاندان فاقہ کشی کا شکار ہو کر موجودہ حکومت اور اہل اقتدار کو کوستا ہوا نظر آئیگا ۔
میرے ایک اندازے اور مشاہدے کیمطابق ہر نجی اور حکومتی سکول میں 15سے 20فیصد تک طلباء و طالبات کی تعداد میں کمی دیکھنے میں آئی جس کا بنیادی سبب بے روزگاری کی شرح میں اضافے کے ساتھ ساتھ بڑھتی ہوئی مہنگائی بھی ہے ۔کوویڈ ۔19نے جہاں ہر طبقہ زندگی کے لوگوں کو متاثر کیا ہے وہاں اس کا سب سے زیادہ نقصان نجی تعلیمی اداروں، پبلشنگ ہائوسزکے ساتھ ساتھ تعلیمی سے تعلق رکھنے والے تمام کاروبار ی حضرات خاص طور یونیفارم ، ٹائی ، بیج ، جوتے اور سٹیشنری کا سامان بیچنے والے تمام کارخانہ جات ابھی تک مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکے ۔ دیکھا جائے تو نقصان صرف تعلیمی اداروں کا نہیں ہوا بلکہ اسکے ساتھ ساتھ ان تمام کارخانہ جات اوراس میں کام کرنیوالے غریب مزدوروں کا بھی ہوا ہے جن کی بحالی کیلئے موجودہ حکومت نے احساس پروگرام کی مد میں 12000 فی خاندان کی ایک قلیل رقم رکھی جو اونٹ کے منہ میں زیرہ کے برابر ہی تھی۔
موجودہ سال تو جیسے تیسے گزر گیا لیکن ہم ایک ایسی قوم کے افراد ہیں جو ہمیشہ اچھے دور کے خواہاں رہے ہیں اور ہر حال میں صبر شکر کرتے ہیں لیکن دیکھا جائے تو جس حساب سے پوری قوم کو کرونا مریضوں کی تعداد اور اموات کے گورکھ دھندے میں الجھا کر رکھا گیا ہے تو مجھے دور دور تک تعلیمی اور کاروباری اداروں کی بحال کا نام و نشان بھی نظر نہیں آرہا ۔ خدانخواستہ سابقہ سال کی طرح مارچ میں کرونا کی دوسری لہر شدت اختیار کرتی ہے تو سال 2021ء بھی ہمیں معاشی تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کریگا اور سونے پر سہاگہ یہ کہ ابھی ہمیں تیسری لہر کی خطر ناکی سے بھی ڈرایا جا رہا ہے ۔میرے مشاہدے کی مطابق سال گزشتہ میں ہمیں خیر کی خبروں کی تو جو کمی رہی سو رہی ہمیں افسر شاہی کی من مانیاں اور وزراء کے محکمہ جات کی تبدیلی خوب دیکھنے کو ملی ۔موقع کی مناسبت سے مجھے ارشد ملک کی یہ نظم یاد آ رہی ہے کہ …؎
ًٍؔـآنکھوں کی دہلیز پہ ارشدؔ
نئے برس کے خواب
ابھی تک یونہی پڑے ہیں
نئے برس میں خواب کیا دیکھیں
٭…٭…٭