سپرہائی وے پر نوجوان اغواء کے بعد فائرنگ سے ہلاک

کراچی (این این آئی)سپر ہائی وے پر ایدھی ولیج کے قریب مسلح ملزمان کھوکھراپار سے محنت کش نوجوان کو اغواکرکے لائے اور فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جبکہ بلدیہ سوات کالونی کے قریب گھر سے نوجوان کی لاش ملی ۔گڈاپ سٹی کے علاقے سپر ہائی وے پر ایدھی ولیج کے قریب جمعہ کی صبح نامعلوم ملزمان اپنے ساتھ ایک نوجوان کو لائے اور جھاڑیوں میں لے جاکر اسے فائرنگ کرکے قتل کردیا ، اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچ گیا اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا ، ایس ایچ او گڈاپ سٹی سب انسپکٹر شعیب نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 28سالہ نواز علی ولد حسن علی کے نام سے کی گئی جیسے نامعلوم ملزمان اسے اپنے ہمراہ لائے، پولیس نے موقع سے تین خول قبضے میں لے کر انھیں تجزیے کے لیے فرانزک لیبارٹری روانہ کردیا ہے ، ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ مقتول کھوکھراپار کا رہائشی اور محنت مزدوری کرتا تھا جبکہ بلدیہ سوات کالونی کے قریب گھر سے نوجوان کی لاش ملی لاش کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول ہسپتال منتقل کیا جہاں لاش کی شناخت 45سالہ سہراب ولدعصر گل کے نام سے ہوئی۔ 

ای پیپر دی نیشن