لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان 6 سال سے فارن فنڈنگ کیس میں این آر او لے کر سیاست کر رہے ہیں اور ان کے پیچھے اسرائیلی اور بھارتی لابی کی فنڈنگ کے ثبوت موجود ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے جسے ہم اس ملک سے ہمیشہ کے لیے ختم کر دینا چاہتے ہیں لہٰذا پاکستان ڈیمو کریٹک (پی ڈی ایم) کے خلاف حکومتی ترجمانوں کا پراپیگنڈا نے سے ہماری تحریک متاثر نہیں ہو گی، ہم اپنے ٹائم ٹیبل کے مطابق کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور اس حکومت کو گھر بھیج کر دم لیں گے۔ احسن اقبال نے اعلان کیا کہ 19 جنوری کو پی ڈی ایم الیکشن کمشن کے سامنے بھرپور مظاہرہ کرے گی۔ کیونکہ عمران خان 6 سال سے فارن فنڈنگ کیس میں این آر او لے کر سیاست کر رہے ہیں، فارن فنڈنگ کیس کا اگر میرٹ پر فیصلہ ہو تو عمران خان اور تحریک انصاف کی سیاست ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بنک کی رپورٹ ریکارڈ پر موجود ہے کہ عمران خان نے اپنے درجنوں بنک اکاؤنٹس الیکشن کمشن سے چھپائے ہیں، درجنوں ایسے اکاؤنٹس ہیں جن سے باہر پیسہ آ رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف صاحب کو جس کیس میں پکڑا گیا ہے اس کا فیصلہ سپریم کورٹ سے ہو چکا ہے اور جس معاملے کو سپریم کورٹ طے کر چکی ہے، اس میں نیب کا ایک جھوٹا کیس بنا کر انہیں پکڑنے کا مقصد صرف یہ ہے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کے ترمپ ہیں، امریکی عوام کی طرح پاکستان کے عوام کو بھی جلد ان سے چھٹکارا مل جائے گا۔