ملتان(نمائندہ نوائے وقت) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ فضل الرحمن 23 مارچ کو لانگ مارچ کی بجائے کوئک مارچ کی تیاری کریں کیونکہ لانگ مارچ کرنے والوں کی منزل اڈیالہ جیل ہے۔ نواز شریف' آصف زرداری اور فضل الرحمن نے ایک گروہ بنایا ہوا ہے۔ عوام مافیا کو مسترد کر چکے ہیں بلدیاتی انتخابات میں پنجاب میں کارکنوں کو بھی سامنے لائیں گے۔ گندم چینی کی کمی کو کھلے دل سے تسلیم کرتے ہیں لیکن عوام کی مشکلات کے پیش نظر وزیراعظم نے احساس پروگرام اور دیگر سکیمیں شرو ع کی ہیں عنقریب کریانہ سٹوروں کو سبسڈی دے کر غریب کو ریلیف دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر سے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کے بعد ان کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے ؎ کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی پنجاب کے عوام کے لئے چار سو ارب روپے ہیلتھ کارڈ کے لئے مختص کیے ہیں۔بلاول زرداری سندھ میں کھاد مافیا کی سرپرستی کررہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن 23مارچ کو لانگ مارچ نہیں کوئیک مارچ کریں گے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ڈوگر ہاؤس میں چیف وہپ ملک عامرڈوگر سے ان کی والدہ کی وفات پر اظہارتعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیرڈاکٹراختر، ایم پی اے جاوید اخترانصاری، چیئرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ فرخ حبیب نے مزید کہاکہ اب علاج معالجے کیلئے ہر غریب کی جیب میں دس لاکھ روپے سالانہ موجود ہیں۔خیبر پختونخواہ میں عوام پر اربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔ہیلتھ کارڈ پروگرام دنیا کے کسی بھی ترقیاتی ملک میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت احساس پروگرام پر260ارب روپے خرچ کررہی ہے۔ احساس پروگرام کے تحت 50ہزاربچوں کو اسکالرشپ فراہم کیاجارہاہے جبکہ ایک کروڑ بچوں کی کفالت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں ملک کی برآمدات میں 25 فیصد اضافے کے ساتھ سوا 15ارب ڈالر پر پہنچ گئی ہے جسے اگلے مالی سال تک 30ارب ڈالر تک لے کر جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ زرعی پیداوارمیں ریکارڈ اضافہ ہوا اورچار سو ارب روپے کسانوںکی جیبوں میں گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی ہدایات پر 100 ارب کے قرضے منظور ہو چکے ہیں جبکہ34ارب روپے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آج غریب کا چھت بنانے کا خواب پورا ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ تربیلا ڈیم کے بعد اب تک ملک میں کوئی اور ڈیم کا منصوبہ نہیں بنایاگیا۔ موجودہ حکومت نے دس ڈیم کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔2025تک مہمند ڈیم سے 700میگا بجلی ملنا شروع ہوجائے گی۔ اسی طرح دیامر ڈیم سے 4500اورداسو ڈیم سے 4600میگا واٹ بجلی میسر آئے گی۔وزیرمملکت نے مزید کہا کہ پورے ملک میں یکساں ترقی کرائی جا رہی ہے۔ ایک خاص طبقہ نے ملک پرچالیس سال حکومت کی۔2018 ئ کے انتخابات میں اس طبقے کو عوام نے بری طرح مسترد کیا،یہ لوگ نا اہلی لوٹ کھسوٹ کے باعث مسترد ہوئے۔انہوں نے کہاکہ آج وفاق کی ایک ہی جماعت پی ٹی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کرنے والوں کو مایوسی ہوئی ہے۔ فضل الرحمان کا کوئیک مارچ ہونے جا رہا ہے۔مولانا فضل الرحمن لانگ مارچ کی دھمکی کسی اور کو دیں۔ فضل الرحمن کے ا پنے بیٹے نے استعفی نہیں دیا۔فرخ حبیب نے کہا کہ ہماری ترجیحات عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔مہنگائی کا سامنا کرنا پڑا۔عالمی سطح پر امریکہ میں چالیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گئے۔انہوں نے کہا کہ احساس ڈیجیٹل راشن پروگرام لے کر آئے ہیں۔ دال آٹا گھی پر ایک ہزار بروپے کی سبسڈی حکومت مہیا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے تین سال میں عمران خان پر کوئی کرپشن کا کیس نہیں لا سکے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انتخابات کروائیں گے۔ہم نے ریکارڈ ٹیکس کلکشن بڑھائی ہے۔مافیا کے سرپرست نواز زرداری ہیں۔نوازشریف کاغذی شیر نہ بنیں، عدالتوں کے سامنا کریں۔شوگر کے حوالے سے ٹریک اینڈ ٹریڈ کانظام لائے ہیں۔یہ لوگ 600ارب روپے کا ٹیکس چھپاتے تھے۔فلور ملوں سے 20 ارب روپے اینٹی کرپشن نے ریکور کیے ہیں۔فرخ حبیب نے کہا کہ یوریا عالمی سطح پر مہنگی ہے۔کھاد کے حوالے سے افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گنے کے کاشتکار کو اب رقم بھی وقت پر مل رہی ہے۔چینی کی قیمت کو ہم نے کم کیا ہے۔سسٹم کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ڈالر کی قیمت کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ سابقہ حکومت نے ڈالرکو پانی کی طرح مارکیٹ میں بہایا۔ بلاول زرداری کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بلاول کے والد نے پی پی کی ٹارگٹ کلنگ کر دی ہے۔ پی پی وفاق کی علامت تھی۔بلاول پنجاب کی فکر چھوڑیں، 2023 میں سندھ کی فکر کریں۔
لانگ مارچ کرنے والوں کا ٹھکانہ اڈیالہ جیل ،عوام کو جلد ریلیف ملے گا : فرخ حبیب
Jan 03, 2022