کراچی (سٹی نیوز) HMRگروپ کے چیئرمین حاجی محمد رفیق پردیسی کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال بھی محفل نعت و ختم قصیدہ بردہ شریف کی محفل اپنی رہائش گاہ پر منعقد کی جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی سرکردہ شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں علامہ غلام حیدر کاظمی محمودی، علامہ زمان جعفری، مولانا بلال قادری، خاور نقشبندی، عثمان برکاتی، حاجی امین پردیسی، حاجی انیس پردیسی، حمزہ پردیسی، حسنین پردیسی، حسان پردیسی، سراج ناگریا، مولانا اظہر قادری، مولانا اقبال قادری، مولانا عبدالعلیم قادری، مولانا عبداللہ کامل ، قاری عنایت اللہ سیالوی اور دیگر معززین نے شرکت کی ۔ اس موقع پر حافظ بلال قادری قصیدہ بردہ شریف پڑھا اور محفل پر رقعت طاری تھی جبکہ خاور نقشبندی نے عمدہ انداز میں نعت شریف پیش کر کے محفل میں سماع باندھ دیا۔ اس موقع پر HMRگروپ کے چیئرمین محسن اہلسنت حاجی محمد رفیق پردیسی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئے سال کے آغاز کے موقع پر اسلامی شعائر کے خلاف کاموں سے اجتناب کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح سال کے آغاز پر مختلف خرافات ہوتی ہیں جو اسلام کے منافی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پورا سال رحمتیں، برکتیں اور بھلائیاں سمیٹنا چاہتے ہیں تو دینی احکام پر عمل پیرا ہونا ہوگا اور قرآن کے مطالعے کے ساتھ اس پر عمل اور نماز کی پابندی کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کئی سال پہلے قصیدہ بردہ شریف کی محفل شروع کی تھی اور آج کثیر تعداد میں عوام کی شرکت اس کی روحانی کیفیت نہ صرف اجاگر کر رہی ہے بلکہ اللہ کا خصوصی فضل و کرم ہے جو پورے شہر سے لوگ اس محفل میں شرکت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مغربی تہذیب اور یہود و ہنود کی نقالی نے آج کی نسل اور معاشرے کو تباہ و برباد کر دیا ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم برائی سے بچیںجس سے اللہ ناراض ہوتا ہے بھلائی اور خیر کے کام کو اپنائیں جس سے ہمارا رب راضی ہوتا ہے۔ اور زندگی کے مقصد میں کامیابی مقدر بن جاتی ہے۔ اس موقع پر شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ محسن اہلسنت حاجی محمد رفیق پردیسی کی دینی خدمات لائق تحسین ہے ۔ سال کے آغاز کے موقع پر ایسی روح پرور روحانی محفل کا انعقاد نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ باعث رحمت بھی ہے اور عوام الناس کو پاکیزہ ماحول میں اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے ۔ اور ایسی محافل سے دین کی خدمت اور اسلام کی آبیاری کا جذبہ ملتا ہے جو کہ باعث اعزاز ہے۔