نیو ایئر : امریکہ فا ئرنگ سے  3ہلاک : فرانس میں 874گاڑیوں کو آگ لگا دی

نیویارک (نیٹ نیوز) امریکی ریاست مسی سپی میں سال نو کی مناسبت سے جاری ایک پارٹی میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست مسی سپی کے علاقے گلف پورٹ لوئس ایونیو میں درجنوں افراد نئے سال کے استقبال کے لیے موجود تھے اور جیسے ہی کاؤنٹ ڈاؤن ختم ہوا، نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ 4 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ فائرنگ سے بھگدڑ اور افراتفری مچ گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ عینی شاہدین کے بیانات قلم بند کرلیے گئے ہیں تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ فائرنگ بیرونی حملہ آوروں نے کی یا شرکاء  میں سے کسی نے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی عمریں 22 سے 28 سال کے درمیان ہیں۔ پیرس سے فرانسیسی خبر رساں ادارے نے وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا کہ سال نو کے جشن کی تقریبات کے دوران شہریوں نے 874گاڑیاںکو آگ لگا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کو جلانے کی یہ تعداد 2019 ء کے مقابلے میں کہیں کم ہے۔ پولیس نے بڑی تعداد میں لوگوں کو گاڑیاں جلانے سے روکا اور انہیں حراست میں بھی لیا گیا۔ اس موقع پر 95 ہزار کے قریب پولیس اہلکار اور32  ہزار فائر فائٹر تعینات کئے گئے تھے۔

ای پیپر دی نیشن