لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کرنے والے برطانوی حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کے وائس چیئر مین برائے بین الاقوامی امور و برطانوی ہائوس آف لارڈز کے رکن ڈینیل ہنان نے گورنر ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔ جس کے دوران پاک برطانیہ تعلقات، خطے کی موجودہ صورتحال، افغان امن، مسئلہ کشمیر سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران لارڈ ڈینیل ہنان نے دہشت گردی کے خاتمے اور افغان امن کے لیے پاکستان کے مئوقف کی بھرپور حمایت کا یقین بھی دلایا۔ ملاقات کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے افغانستان میں امن 'غر بت اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے برطانیہ سے اپنا اداکر نے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا افغان امن میں کردار دنیا کیلئے مثال ہے۔ افغانستان میں امن اور استحکام کے لیے بھی پوری دنیا کو ایک پیج پر آنا ہوگاکیونکہ افغانستان میں امن کیلئے وہاں غر بت اور بے روزگاری کو کنٹر ول کرنا ضروری ہے۔ اگر دنیا افغانستان کے ساتھ کھڑی نہ ہوئی تو امن ایک خواب بن کر رہ جائیگا۔ دنیا میں ترقی کیلئے سب سے زیادہ ضروری امن ہے جسکے لیے دنیا کو ملکر کام کر نا ہوگا۔ چوہدری محمد سرور نے ملاقات کے دوران برطانوی ہائوس آف لارڈز کے رکن ڈینیل ہنان کو کشمیریوں پر جاری مظالم اور بھارت میں بسنے والے اقلیتوں کیساتھ تشدد جیسے واقعات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ بھارت خطے میں امن کے خلاف سب سے بڑی سازشیں کر رہا ہے۔ دنیا کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔
لارڈ ڈینیل ہنان سے ملاقات‘ بھارت امن کیخلاف سب سے بڑا سازشی: گورنر
Jan 03, 2022