صحت کارڈ کیلئے مزیدہسپتالوں کو بھی منتخب کیا جارہا ہے: یاسمین راشد

Jan 03, 2022 | 15:10

ویب ڈیسک

 ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہےکہ نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کیلئے مزیدہسپتالوں کوتیزی کے ساتھ منتخب کیاجارہاہے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔

سیکرٹری صحت ڈاکٹراحمدجاویدقاضی نے اجلاس کے دوران وزیر صحت کو نیاپاکستان صحت کارڈکی تقسیم کے حوالہ سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے اس موقع پر کہاکہ وزیراعظم عمرا ن خان نے پنجاب کی عوام کو نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کی شکل میں صحت کا تاریخی پیکج دیاہے۔انہوں نے کہاکہ 31 مارچ 2022 تک پنجاب کے تمام اضلاع میں نیاپاکستان قومی صحت کارڈ تقسیم کردیاجائے گا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے اجلاس کے دوران نیاپاکستان صحت کارڈ کی مختلف ڈویژنزمیں تقسیم کے اقدامات کاجائزہ لیا۔

وزیر صحت پنجاب نے کہاکہ  20 جنوری سے راولپنڈی، 9 فروری سے فیصل آباد، 22 فروری سے ملتان،2 مارچ سے بہاول پور، 21 مار چ سے گوجرانولہ اور 31 مارچ سے سرگودھا کے تمام خاندانوں کو نیاپاکستان قومی صحت کارڈ تقسیم کردیاجائے گا۔

ڈاکٹریاسمین راشد۔ نے بتایاکہ نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کے حامل خاندانوں کی سہولت کی خاطرلاہورکے سرکاری ونجی ہسپتالوں میں 29000 بستردستیاب ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عوام نیاپاکستان قومی صحت کارڈ حاصل کرنے کیلئے نادراکے ریکارڈ میں اپنانام ضروراندراج کروائیں۔

وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ صحت کارڈ کا استعمال ہسپتال میں داخل ہونے کے بعد ہی ہو سکے گا ، صحت کارڈ کے ذریعے آپ امراض قلب، ذیابیطس ، گردو ں کی بیماریاں ، سرطان ، حادثات کے دوران لگنے والی چوٹوں کا علاج ،اعصابی نظام کاعلاج ، تھیلیسیمیا ، حمل اور زچگی سمیت دیگر معاملات جن کیلئے ہسپتال میں داخل ہونا ضروری ہے ، ان تمام کا علاج  کروا سکتے ہیں۔

واضح رہےکہ  اجلاس میں سیکرٹری صحت ڈاکٹراحمدجاویدقاضی،اسپیشل سیکرٹری محمد اجمل بھٹی،اسپیشل سیکرٹری ڈاکٹرآصف طفیل،ایڈیشنل سیکرٹری،سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹومینجمنٹ کمپنی ڈاکٹرعلی رزاق ودیگرافسران نے شرکت کی۔

مزیدخبریں