وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ پاکستان میں مزدوروں کے حقوقِ کے تحفظ کے لیے جدید قوانین کے ساتھ الگ سے مکمل وزارت کا ہونا لازمی ہے۔پیر کووزارت انسانی حقوق کے زیر اہتمام میڈیا سے متعلق آگاہی ورکشاپ میں اظہار خیال کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد مزدوروں کے قوانین سے متعلق صوبوں کے مابین باہمی روابط کے مسائل سامنے آئے ہیں ،قوانین پر عملدرآمد کے لیے ریاست کو انتہاپسندی کے خلاف سخت ردعمل دینا ہو گا، صوبوں سے اعدادوشمار لےکر یو این ڈی پی کے تعاون سے ڈیٹا بیس بنا رہے ہیں اور صحیح اعدادوشمار کی پرکھ کے بعد پالیسی بنائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں قانون پر عملدرآمد کرانا کسی چیلنج سے کم نہیں، میڈیا رپورٹس کرتے وقت پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو ملحوظ خاطر رکھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر شفقت منیر نے صحافیوں کو میڈیا کے قوانین و ضوابط پر بریفنگ دی۔