ٹیکنوکریٹ حکومت کا آئین میں کوئی وجود نہیں ہے:نیئر مرتضی لون 

Jan 03, 2023


لاہور ( نیوز رپورٹر،لیڈی رپورٹر)پاکستا ن تحریک انصاف کی سابق ایم پی اے جوائنٹ سیکر ٹری وومن ونگ سنٹرل پنجاب نیئر مرتضی لون نے کہاہے کہ پی ڈی ایم حکومت کسی بھی طور پر الیکشن کیلئے تیار نہیں ہے۔ ٹیکنوکریٹ کی حکومت کا شوسہ چھوڑ کر عوام کی توجہ مہنگائی اور ملکی معیشت سے ہٹانے کی کوشش ہے۔ ٹیکنوکریٹ حکومت کا آئین میں کوئی وجود نہیں ہے۔ غیر آئینی طور پر ہر کام کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔وہ گز شتہ روز پارٹی آفس میں خواتین کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔انہوں نے کہاکہ ملک کے موجودہ  حالات معیشت کی تباہی، غریب کی موت کی داستان سنا رہے ہیں لیکن حکومت کو پرواہ نہیں یہ لوگ غربت ختم کرنے کے بجائے غریبوں کو مارنے پر تلے ہوئے ہیں اور عوامی مفادات کو سائیڈ پر رکھ کر اپنے کیسز ختم کرنا ان کی ترجیح ہے۔عمران خان اور پی ٹی آئی کی مقبولیت کا جن پی ڈی ایم کو چین سے نہیں سونے دے گا۔ عمران خان کی مقبولیت کے ڈر سے سندھ اور اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن ملتوی کرائے گئے مگر اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمشن کے فیصلے کوکالعدم قرار دیا ہے۔ الیکشن کمشن اب کھل کر حکومت کے ساتھ مل چکا ہے۔

مزیدخبریں