سیالکوٹ؍ بہاولنگر؍ فیصل آباد (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام مختلف علاقوں میں الیکشن کراؤ مہنگائی مکاؤ، ریلیاں نکالی گئیں۔ تحریک انصاف کے رہنما چوہدری طاہر محمود ہندلی ایڈووکیٹ سابق ایم پی اے نے اپنے حلقہ پی پی 39 سیالکوٹ میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی صلاحیت کا حامل پاکستان جنوبی ایشیا کا دوسرا مہنگا ترین ملک بن چکا ہے۔ امپورٹڈ وفاقی حکومت کے دور حکومت میں اشیاء خورد ونوش اور پٹرول، گیس، بجلی اور ڈالر وغیرہ ہر چیز کی قیمت ڈبل ہو چکی ہے۔ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ ٹیکس چور ملک لوٹ رہے ہیں۔ اس وقت 90فیصد عوام نئے انتخابات کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن عوام کی رائے کو دبایا جا رہا ہے۔ عمران خان ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔ ملک میں معاشی استحکام کا واحد حل عام انتخابات ہیں۔ تحریک انصاف کی الیکشن کراؤ ملک بچاؤ ریلی حلقہ پی پی 240 میں سابق ایم پی اے میاں آصف منظور موہل کی زیر قیادت ان کی رہائش گاہ ناتھے والا سے نکالی گئی جو مختلف چکوک نور سر، جنڈ والا سے ہوتی ڈونگہ بونگہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے کمر توڑ مہنگائی کا ذمہ دار پی ڈی ایم کو قرار دیا۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے الیکشن کراؤ ملک بچاؤ کا مطالبہ کیا۔ ریلی کے شرکاء نے حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ بہاولنگر میں دوسرے علاقوں نے آنے والی ریلیوں کے قائدین نے خطاب کیا۔ فیصل آباد میں ضلعی جنرل سیکرٹری انصاف لائرز فورم و امیدوار ایم پی اے پی پی 112شہباز امیر علی اعوان نے ریلی سے خطاب میں کہا ہے کہ نئی سیاسی قیادت کا چنائو عوام کا آئینی حق ہے جس پر کسی کو شب خون نہیں مارنے دینگے۔ ٹیکنوکریٹ حکومت کی بازگشت سنائی دے رہی ہے جو کہ تحریک انصاف کے لیے ناقابل قبول ہے ، انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکمرانوں نے کرسی کی لالچ میں ملکی معیشت کاستیاناس کر دیا ہے ۔ جن سے ستائیس کلومیٹر والی حکومت نہیں سنبھالی جا رہی وہ پنجاب کا بھی بیڑہ غرق کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔