اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) برطانیہ اور امریکہ پاکستان کے اہم تجارتی پارٹنرز ہیں لہذا پاکستان اپنی معیشت کو بہتر کرنے کے لیے ان ممالک کے ساتھ اپنے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر فاد وحید نے برطانیہ اور امریکہ سے چیمبر کے دورے پر آئے ہوئے پاکستانی نژاد سیاستدانوں اور بز نس کمیونٹی کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس نے برطانوی پارلیمنٹ کے رکن اور شیڈو منسٹر برائے روزگار عمران حسین کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کیا۔ فاد وحید نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کی دوطرفہ تجارت اس وقت تقریباً 2.9 ارب پاؤنڈ جبکہ پاکستان اور امریکہ کی دوطرفہ تجارت 10.5 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے تاہم اس میں مزید بہتری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور امریکہ کے ساتھ پاکستان کی تجارت کو بہتر بنانے کے لیے مزید سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور امریکہ میں مقیم پاکستا نی سرمایہ کار ان ممالک کے ساتھ پاکستان کے کاروباری تعلقات کو مزید فروغ دینے میں موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 22کروڑ سے زائد صارفین کی ایک بڑی مارکیٹ ہے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے برطانیہ کے ممبر پارلیمنٹ اور شیڈو منسٹر برائے روزگار عمران حسین نے کہا کہ وہ سب پاکستان کے دوست ہیں اور غیر ممالک میں مقیم پاکستانی پاکستان کو ایک مضبوط معیشت کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ باہمی تجارت کے فروغ کیلئے پاکستان، برطانیہ اور امریکہ کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے آئی سی سی آئی کے وفد کو برطانیہ کے دورے کی دعوت بھی دی اور کہا کہ وہ اس کی میزبانی کریں گے۔ انہوں نے وفد کا پرتپاک استقبال کرنے پر آئی سی سی آئی کا شکریہ ادا کیا۔ لارڈ واجد خان اور لارڈ قربان حسین، ممبران ہاؤس آف لارڈز یو کے، یاسمین ڈار ڈپٹی میئر مانچسٹر اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو برطانیہ اور امریکہ میں مقیم نوجوان پاکستانیوں کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا چاہیے۔
برطانیہ، امریکہ پاکستان کے اہم تجارتی پارٹنرز ہیں: اسلام آباد چیمبر
Jan 03, 2023