کیف‘ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) یوکرائن نے میکیوکا شہر کے علاقے میں میزائل حملے میں 400 روسی فوجی ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق کہا جاتا ہے کہ روس نے میزائل حملے کا شکار عمارت کو فوجی اڈہ بنایا ہوا ہے۔ ادھر روسی حکام کا کہنا ہے کے جنگ زدہ علاقے میں یوکرین کی طرف سے سال نو کے آغاز پر میزائل حملے کئے گئے جس کے نتیجے میں ایک تعلیمی ادارے کی عمارت بری طرح متاثر ہوئی۔ سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر ایک پیغام میں سابق روسی فوجی اہلکار کا کہنا ہے کہ حملے میں بلڈنگ مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ متعدد فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔ امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرائن کے صدر زیلنسکی نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے اپنے ملک کو اسرائیلی ہتھیاروں کی فراہمی کے امکان پر بات چیت کی۔ بتایا جاتا ہے زیلنسکی نے اسرائیلی ہتھیاروں کے بدلے میں فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضہ کے خلاف اقوام متحدہ کی قرارداد میں اسرائیل کی حمایت کرنے کی پیش کش کی تھی۔ امریکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ نیتن یاہو نے ایک فون کال کے دوران زیلنسکی سے کہا کہ وہ اس قرارداد کے خلاف ووٹ دیں جس میں عالمی عدالت انصاف سے فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کے معاملے پر غور کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔