پنجاب اسمبلی اجلاس 11 کی بجائے 9 جنوری کو طلب، سپیکر ، ڈپٹی سپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد  واپس 


لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس 11جنوری کی بجائے دو روز قبل 09جنوری کو طلب کرلیا ہے۔ اجلاس دوپہر دو بجے سپیکر محمد سبطین خان کی زیر صدارت ہوگا۔ اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ قبل ازیں سپیکر نے اجلاس 11جنوری تک ملتوی کیا تھا۔ دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سپیکر سبطین خان اور ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لے لی ہے۔ پی ڈی ایم کی جانب سے وزیراعلیٰ، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی گئی تھی لیکن قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد اس موقف کے ساتھ واپس لے لی گئی تھی کہ وزیراعلیٰ کو پہلے ہی گورنر نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اب چند روز بعد ہی سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد واپس لے لی گئی ہے۔ دونوں اطراف سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم نے نمبر گیم میں کمی کی وجہ سے تحریک عدم اعتماد واپس لی تاکہ ناکامی کی صورت میں سبکی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ای پیپر دی نیشن