ترقی و خوشحالی کیلئے قائد کے وژن کی روشنی میں لائحہ عمل بنایاجائے‘ محمدابوبکر


کراچی (اسٹاف رپورٹر)ممبر قومی اسمبلی ابوبکر نے جامعہ سلیم و مدرسہ حنفیہ رضویہ اور عالمگیر اسکول کے تحت منعقدہ تقریب تقسیم انعامات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو مثالی اور اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ہم قائد اعظم محمد علی جناح  کے فرمودات کی روشنی میں اپنا لائحہ عمل مرتب کریں۔ قائد کے اصولوں کو اپنائیں اور اپنی نوجوان نسل کو اپنے عظیم لیڈروں اور عوام کی 20لاکھ قربانیوں اور کوششوں کے متعلق آگاہی دیں جو ہمارے بزرگوں نے آزاد مملکت حاصل کرنے کیلئے دیں۔ انہوں نے اس موقع پرمرکز اہلسنت و جماعت حنفیہ عالمگیر جامع مسجد کی تعلیمی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کے سرپرست بانی الحاج محمد سعید صابری، مہتمم مفتی خرم اقبال رحمانی اور چیئرمین فرید احمد طلبا و طالبات کو فری تعلیم دے کر دین اور دنیا کی تعلیم سے آراستہ کر رہے ہیں۔ عظیم الشان تقریب صدر جلسہ الحاج محمد سعید صابری، سرفرید احمد، مفتی خرم اقبال رحمانی، یوسف پاکستانی، ڈاکٹر شبیر احمد نے بھی خطاب کیا۔ محمد ابو بکر اور دیگر مہمانان گرامی نے ہفت روزہ تقریبات بسلسلہ یوم پیدائش قائداعظم محمد علی جناح میں تقریری نعت خوانی،کوئزپروگرام کسوٹی اور دیگر پروگرامات میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلبہ وطالبات میں اسکول بیگ، کتابیں، میڈل اور میڈیا پر نمایاں خدمات پر محمد وسیم خان، محمد راحیل،محمد فیضان جھنڈیر کو نشان سپاس پیش کیا گیا۔ تقریب میں مولانا نہال الدین نافی شازلی عطاری،علی زبیر، محمد یونس خان، ساجد قریشی، اساتذہ،طلبا وطالبات موجودتھے۔

ای پیپر دی نیشن