جہانیاں (نمائندہ نوائے وقت) ایمبولینس کی عدم دستیابی، ورثا مریضوں کو لوڈر رکشہ پر ہسپتال منتقل کرنے پر مجبور تفصیل کے مطابق تحصیل ہسپتال جہانیاں میں سرکاری ایمبولینس نہ ہونے کی وجہ سے ہسپتال میں ایمرجنسی مریضوں کو لوگ اپنی مدد آپ کے تحت موٹر سائیکل رکشوں پر لانے اور لے جانے پر مجبور ہیں۔ ریسکیو 1122 کو سرکاری دو گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں وہ گاڑیاں بھی اکثر خراب رہتی ہیں اور نہ ہی ریسکیو عملہ کی طرف سے شہریوں کو اس بابت آگاہی دی گئی ہے، تحصیل ہسپتال شہر اور نواحی چکوک کیلئے واحد ہسپتال ہے لیکن اس میں کوئی بھی سرکاری ایمبولینس فراہم نہیں کی گئی ہے ،گزشتہ ماہ وزیراعلیٰ نے دورہ جہانیاں کے وقت تحصیل کے ہسپتالوں میں ایمبولینسوں کی فوری فراہمی کا وعدہ بھی کیا تھا لیکن تاحال اس وعدے پر عملدرآمد نہیں ہو سکا، گزشتہ روز بھی ظفراللہ ٹاون کی رہائشی ضعیف العمر خاتون کو ایمبولینس نہ ملنے پر موٹرسائیکل رکشہ پر ہسپتال منتقل کیا گیا، شہریوں اور مریضوں کے لواحقین نے حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
جہانیاں: ایمبولینس کی عدم دستیابی، ورثا مریضوں کو رکشہ پر ہسپتال منتقل کرنے پر مجبور
Jan 03, 2023