سکواش میں نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے گرومنگ کی ضرورت ہے: جہانگیر خان 

لاہور ( سپورٹس رپورٹر) سکواش لیجنڈ اور سابق عالمی چیمپئن جہانگیرخان نے کہا کہ سکواش میں نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور بین الاقوامی سطح پر مقابلوں کیلئے کھلاڑیوں کی انٹرنیشنل معیار کی ٹریننگ اور انہیں گرومنگ کرنے میں کوالیفائیڈؒ کوچز کاکردار نہایت اہمیت کاحامل ہے کیونکہ پاکستان میں سکواش کے سنہری دور کی واپسی کیلئے نوجوان کھلاڑیوں کوگراس روٹ لیول سے اس کھیل کی جدیدتربیت فراہم کرکے ہی عالمی معیار کے کھلاڑی تیار کئے جاسکتے ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے روشن خان جہانگیرخان سکواش کمپلیکس کے ہیڈ کوچ نوید عالم کو سووینیر دینے کے  موقع  پر کیا ۔جہانگیر خان کاکہنا تھا کہ پاکستان کی نمائندگی ہر کھلاڑی کی خواہش اور اس کاحصول اس کیلئے ایک بہت بڑے اعزاز کی بات ہوتی ہے اور اس مقام تک رسائی میں اس کے کوچ کی بھی انتھک محنت شامل ہوتی ہے کمپلیکس کے منیجر رحمت اللہ نے کہا نوید عالم جس جانفشانی سے اسکواش کے نئے ٹیلنٹ کی گرومنگ اور کھلاڑیوں کو ٹریننگ کے ساتھ ساتھ سکواش سے متعلق قوانین و ضوابط،ٹیکنیکل امور اور اس کھیل کی جدیدتیکنیک سے آگاہی فراہم کررہے ہیں مجھے امید ہے کہ مستقبل میں اس کمپلیکس سے پاکستان کیلئے مزید عالمی معیار کے کھلاڑی تیار ہوں گے واضح رہے کہ اسکواش میں پاکستان کی موجودہ نمبر ایک ویمن کھلاڑی اور پہلی چیف آف نیول اسٹاف نیشنل سکواش چیمپئین شپ کی فاتح زینب خان، نیشنل ویمن سینئیر چیمپئین مریم ملک اور انڈر 13- جونیئر اور پی ایس ایف جونیئرچیمپئین حزیفہ شاہد کے کوچ بھی نوید عالم ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن