اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل ڈویژن بنچ نے نیب سزا یافتہ کی دس سالہ نااہلی کم کرکے پانچ سال کرنے کے فیصلے کے خلاف مرکزی اپیل سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔ سماعت کے دوران سپیشل پراسیکیوٹر نیب محمد رافع نے عدالت کو بتایا کہ فائق علی جمالی کے خلاف بلوچستان میں 9 ریفرنسز میں فیصلہ ہوا۔ ابھی الیکشن کمشن کے معاملات چل رہے ہیں ان میں سنگل بنچ کا فیصلہ پیش کیا جا رہا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ نے متفرق درخواست کیوں دائر کی؟ بغیر اپیل کے نوٹس ہوئے کیسے آپ کی یہ متفرق قابل سماعت ہے؟۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ الیکشن کاغذات نامزدگی اپیل دائر کرنے کی آج (بدھ) آخری تاریخ ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ وہ ہمارا معاملہ نہیں ہم اس کے پابند نہیں ہیں۔ عدالت نے نیب کی مرکزی اپیل چار جنوری کو مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ مرکزی اپیل کے ساتھ یہ متفرق سنیں گے پھر دیکھیں گے۔