جو شخص تاحیات نااہل اس کا رستہ روکیں گے: چیئرمین پی ٹی آئی

Jan 03, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ)  پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ چاہے انڈر 19 ٹیم کے ساتھ لڑنا پڑے، ہم انتخابات میں حصہ لیں گے۔ کسی بھی متعلقہ آر او نے ٹھیک احکامات جاری نہیں کیے، ہمارے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے، 8 فروری کو جیت صرف پی ٹی آئی کی ہوگی، سپریم کورٹ نے کہا ہے الیکشن بروقت ہوں گے، کچھ لوگ ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں کہ انتخابات تاخیر کا شکار ہوں۔ ایک پارٹی کو اگر الیکشن سے نکالا جائے گا تو جمہوریت ڈی ریل اور پارلیمنٹ کمزور ہوگی، کسی صورت انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کریں گے، ہم لڑیں گے، فیصلہ عوام نے کرنا ہے کہ کس کو ووٹ دینا ہے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پورے پاکستان میں سب سے زیادہ ہماری پارٹی مقبول ہے، ہم نے عدلیہ سے درخواست کی تھی کہ لیول پلیئنگ فیلڈ دستیاب کریں، اس بار سرِعام لوگوں کو روکا گیا، مارا گیا، کاغذات چھینے گئے۔مولانا فضل الرحمان کی پارٹی پورے پاکستان کی نہیں، انتخابات الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں، مولانا کی واحد پارٹی ہے جو کہہ رہی ہے کہ الیکشن نہ ہوں، الیکشن میں تمام سکیورٹی انتظامات ہونے چاہئیں، ہماری دعا ہے الیکشن خوش اسلوبی سے ہوں۔ ساری پارٹیوں کو الیکشن میں حصہ لینے کا بھرپور موقع ملنا چاہئے، جو حکومت ہارس ٹریڈنگ کے نتیجے میں بنے گی وہ کیسے ڈلیور کرے گی؟ جو شخص تاحیات نااہل ہے اس کا راستہ روکیں گے۔

مزیدخبریں