اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)بارہویں بین الاقوامی مشق باراکوڈا کا ہیڈ کوارٹرز پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی، کراچی میں باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا جس کے بعد یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ تقریب میں تیرہ دوست ممالک کے مبصرین، پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے افسروں نے شرکت کی۔ بارہویں مشق باراکوڈا 02 تا 04 جنوری 24 تک منعقد کی جا رہی ہے اور یہ ہاربر اور سی فیز پر مشتمل ہے۔ مشق کی افتتاحی بریف کا انعقاد کراچی میں ہوا۔ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی احمد عرفان اسلم تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ غیر ملکی مندوبین اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے وفود نے بھی بریفنگ میں شرکت کی۔ اس دوران مشق کے مقاصد پر روشنی ڈالی گئی۔ مزید برآں، قومی اور بین الاقوامی مقررین نے تیل کے اخراج اور سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو کے ردعمل پر مقالے پیش کئے۔ اپنے خطاب کے دوران مہمان خصوصی نے تقریب میں شرکت کرنے پر تمام غیر ملکی مندوبین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مشق سمندری آفات سے نمٹنے کے لیے ہماری تیاریوں کو متحرک کرتی رہے گی۔ پاکستان ہمیشہ سے خطے اور دنیا کی بھلائی کے لیے محفوظ سمندروں کا حامی رہا ہے اور رہے گا۔ سمندری آلودگی سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کا باعث بنے گی۔ قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب کے دوران ڈائریکٹر جنرل پی ایم ایس اے ریئر ایڈمرل امتیاز علی نے حاضرین کو سمندر میں آلودگی کی روک تھام کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔