اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے کوہاٹ کے ریٹرنگ افسر (آر او)کی معطلی کا پشاور ہایکورٹ کا حکم امتناعی کالعدم قرار دے دیا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ لگتا ہے کچھ ہتھکنڈے استعمال ہو رہے ہیں کہ الیکشن نہ ہوں۔ الیکشن کمشن نے پی کے 91 کوہاٹ میں ریٹرننگ افسر کو معطل کرنے پر پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آر او کون ہو گا اس سے امیدوار کو کیا فرق پڑتا ہے؟ کیا آر او کسی مخالف امیدوار کا رشتہ دارہے؟ آپ اپنی مرضی کا آر او چاہتے ہیں؟ پہلا آر او کسی مناسب وجہ پر تبدیل ہوا یا واقعی بیمار تھا؟چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ لگتا ہے کچھ ہتھکنڈے استعمال ہو رہے ہیں کہ الیکشن نہ ہوں، مجھے توسمجھ نہیں آرہا کیسے آرڈر جاری ہو رہے ہیں؟ ہم ایسی درخواستیں دائر کرنے والوں پر مثالی جرمانہ کیوں نہ عائد کریں؟۔ کیا آپ چاہتے ہیں الیکشن ہی نہ ہوں؟ جسٹس میاں محمد علی مظہر نے کہا کہ آر او کے معطل ہونے کی وجہ سے انیس لوگوں کی سکروٹنی رہ جائے گی۔
لگتا ہے ہتھکنڈے استعمال ہو رہے ہیں الیکشن نہ ہوں: جسٹس فائز
Jan 03, 2024