لاہور ( نامہ نگار ) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) اور پنجاب پولیس کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت یو ایم ٹی کی جانب سے پنجاب پولیس کے افسران کیلئے 5 کروڑ روپے مالیت کے سکالر شپس کا اعلان کیا گیا ہے۔ ایم او یو کے تحت آئی جی پنجاب پولیس کی اپروول سے میرٹ پر پولیس افسران یو ایم ٹی میں اعلی تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ یو ایم ٹی پنجاب پولیس کے افسران کی کیپیسٹی بلڈنگ میں بھی مد د فراہم کریگی۔ یو ایم ٹی کے طلباء پولیس ٹریننگ سینٹرز کا دورہ کرینگے تا کہ پنجاب پولیس کیساتھ مثبت انٹریکشن سے طلباء بہت کچھ سیکھ سکیں گے۔ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا نے پولیس کے وفد کو یو ایم ٹی کی تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں خصوصی بریفنگ بھی پیش کی۔ ایم او یو پر آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا نے دستخط کیے۔ تعلیمی اخراجات کا 10 فیصد خود، 90 فیصد یونیورسٹی برداشت کریگی۔آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ یو ایم ٹی میں آکر بہت خوشی محسوس ہوئی ہے کہ ہمارے ملک کا مستقبل کتنے شاندار ماحول میں تیار ہو رہا ہے۔ انشااللہ مستقبل قریب میں آپ جیسے نوجوان طلباء پولیس ڈیپارٹمنٹ کو فخر سے اپنا مانیں گے۔
یو ایم ٹی کا پنجاب پولیس کے افسروں کیلئے 5 کروڑ روپے کے سکالرشپس کا اعلان
Jan 03, 2024