بینک الفلاح  کی  1000ویں برانچ کا افتتاح کردیا گیا 

لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستا ن کے صف اول کے بینکو ں میں سے ایک،بینک الفلاح نے اپنی1000ویں برانچ اور 2ٹریلین روپے سے زائد کے ڈپازٹس کیساتھ دواہم سنگ میل حاصل کرلئے ہیں۔بینک الفلاح کی1000ویں برانچ کا آغاز،26سال قبل1997میں چیئرمین عزت مآب شیخ نہیان مبارک النہیان کی قیادت میں ابو ظہبی کے معزز سرمایہ کاروں کی جانب سے کراچی،لاہور اور راولپنڈی میں حبیب کریڈٹ اینڈ ایکس چینج بینک لمیٹڈ کی تین شاخوں کے حصول سے شروع ہونیوالے سفر کی یاد دلاتا ہے۔بینک نے 1ٹریلین روپے کے ڈپازٹس سے 2ٹریلین روپے کے ڈپازٹس تک پہنچنے کا اہم سنگ میل محض ڈھائی برس میں عبور کیا۔ دو دہائیوں سے بھی قبل بینک الفلاح کا خواب دیکھنے والے فخر سے لبریز شخصیت چیئرمین  شیخ نہیان مبارک النہیان نے کہا کہ ’’دو دہائیوں سے بھی قبل پاکستا ن کے بینکاری شعبہ میں تبدیلی پر ہمارا یقین تھا،اور آج وہ خواب پورا ہوگیا ہے،کیونکہ ہم بینکاری کی صنعت میں ایک اہم قوت کے طور پر ابھر ے ہیں۔بینک الفلاح کے صدر اور سی ای او عاطف باجوہ نے کہا کہ 1000ویں برانچ اور 2ٹریلین روپے کے ڈپازٹس کے سنگ میل کو عبور کرتے ہوئے،ہم بینکاری کے منظر نامے میں تبدیلی کی اپنی مسلسل کوششوں کا اعادہ کرتے ہیں اور ڈیجیٹل مستقبل کے از سر نو تصور کے ساتھ لوگوں کی بینکاری ضروریات کے مطابق خدمات کی فراہمی کا عزم کرتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن