لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ آج بدھ سے سڈنی میں شروع ہوگا۔میزبان ٹیم کو سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے ۔ پاکستان ٹیم کی گیارہ رکنی ٹیم کااعلا ن کر دیا گیا ۔ امام الحق کو ڈراپ کر کے اوپنر صائم ایوب کو ٹیسٹ ڈیبیو کرایا جائیگا ۔فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی کو ڈراپ کرکے سپنر ساجد خان کو شامل کیا گیا ہے ۔سڈنی ٹیسٹ کیلئے پاکستان ٹیم میں کپتان شان مسعود، عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، سعود شکیل، سلمان علی آغا، محمد رضوان، ساجد خان، حسن علی، عامر جمال اور میر حمزہ شامل ہوں گے۔ پاکستان ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ بابر اعظم کے حوالے سے بالکل تحفظات نہیں ہیں۔۔بابر اعظم ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں، انہیں میلبورن ٹیسٹ کی دوسری اننگز سے اعتماد ملا ہوگا۔ امید ہے سڈنی ٹیسٹ میں بابر بڑی اننگز کھیلیں گے۔ محمد رضوان کو تھوڑا آرام ملا، اس کو تیاری کا موقع ملا، مستقبل کیلئے فیصلے لینے ہوں گے، خرم شہزاد اور عامر جمال کو موقع دیا جبکہ میر حمزہ کی واپسی ہوئی۔ دیگر شعبوں میں بھی ڈومیسٹک پرفارمرز کو موقع دینے ہوں گے۔ ، غلطیوں سے سیکھیں گے، اچھی بات یہ ہے کہ ٹیم نے کوشش کی، شارٹ پِچ بال پر ہمارے آخری دو تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے جبکہ باقی بیٹرز نے شارٹ پِچ بال اچھی کھیلی۔ غیر ذمے داری تو سخت لفظ ہے، زندگی میں کچھ پانے کیلئے رسک تو لینا پڑے گا، کبھی فیل ہوں گے کبھی غلطیاں بھی ہوں گی۔ کپتان کو سب سے پہلے اپنے کھلاڑی کیلئے کھڑا ہونا پڑتا ہے، ٹیم کا ماحول اچھا رکھنا ہوتا ہے کیونکہ 18 میں سے 11 کا انتخاب کرنا ہوتا ہے۔