5 جنوری کو یوم حق خودارادیت منانے کی اپیل ، مظاہرے ، ریلیاں ، سیمینار ہونگے : حریت کانفرنس

Jan 03, 2024

سری نگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس نے اعلان کیا ہے کہ کشمیری 5جنوری بروزجمعہ کو یوم حق خود ارادیت کے موقع پر احتجاجی مظاہرے، ریلیاں، سیمیناراور دیگر پروگرام منعقد کر کے دیرینہ تنازعہ کشمیر کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائیں گے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلسل حل طلب دیرینہ تنازعہ کشمیر اقوام متحدہ کی ساکھ پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ اپنی ساکھ بحال کرنا چاہتا ہے تو اسے کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر بلاتاخیر عمل درآمد کرانا چاہیے ۔دوسری جانب  ضلع پونچھ میں بھارتی قابض انتظامیہ نے کنٹرول لائن کے قریب سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنزکے لوگو والا غبارہ برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے ۔ ایک پولیس اہلکار نے میڈیا کوبتایاہے کہ بھارتی فوج نے مینڈھر کے علاقے ٹین منکوٹ سے پی آئی اے کے لوگو والا غبارہ برآمد کیاہے۔انہوں نے بتایا کہ غبارہ تفتیش کیلئے فوج کے قبضے میں ہے۔ماضی میں بھارتی فوج کاکنٹرول لائن کے پار سے آنیوالے کبوتر اور غباروں کوتفتیش کیلئے تحویل میں لینے کے مضحکہ خیز دعوئوں پر مذاق بن چکا ہے ۔جبکہ امریکی نشریاتی ادارے وی او اے نے کہا ہے کہ  بھارت کی مودی حکومت نے  جموں وکشمیر میںعسکریت پسندی پر قابو پانے کے لیے  ایک نئی حکمتِ عملی اختیار کی ہے۔اس طرح کے تازہ ترین اقدام کے تحت بھارتی  وزارتِ داخلہ نے تحریکِ حریت جموں و کشمیر کو ایک غیر قانونی تنظیم قرار دے کر اس پر پانچ سال کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔اس سے قبل بھارتی حکومت نے گزشتہ پانچ برس کے دوراں استصوابِ رائے کا مطالبہ کرنے والی نصف درجن سے زائد کشمیری تنظیموں کو جن میں جماعتِ اسلامی جموں و کشمیر، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) مسلم لیگ جموں وکشمیر، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، دخترانِ ملت اور تحریک حریت جموں وکشمیر بھی شامل ہیں یو اے پی اے کے تحت غیر قانونی قرار دے ان پر پانچ پانچ سال کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔بھارتی حکومت نے حزب المجاہدین، لشکرِ طیبہ، جیشِ محمد، البدر، العمر مجاہدین، جمعیت المجاہدین، تحریک المجاہدین اور تقریبا بیس دوسری عسکری تنظیموں کو بھی دہشت گرد تنظیمیں قرار دے کر ان کے نام کالعدم تنظیموں کی فہرست میں ڈال دیے گیے ہیں۔ جموں میں بھارتی عدالت نے آزاد کشمیر اور پاکستان میں مقیم مقبوضہ جموں و کشمیر  کے 36 افراد کو اشتہاری مجرم قرار  دے دیا ہے۔ عدالت نے ان افراد  کو خود سپردگی کرنے کے لئے ایک مہینے کا وقت دیا ہے۔ 

مزیدخبریں