فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) حکومت پاکستان اور وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات پر فیسکو ریجن کے آٹھ اضلاع میں بجلی چوری کے خلاف جاری خصوصی مہم میں اب تک مجموعی طورپر5057 بجلی چوروں کو پکڑا گیا جن کو ایک کروڑ26لاکھ سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 57کروڑ 88لاکھ سے زائدکے جرمانوں کے بل جاری کئے گئے ہیں۔ بجلی چوری میں 4756گھریلو، 155کمرشل، 133زرعی اور 13انڈسٹریل کنکشن ملوث پائے گئے ہیں۔ فیسکو ریجن سے کل 4128بجلی چوروں کو گرفتار جبکہ مجموعی طورپر 4709 کے خلاف مقدمات کا اندراج کروا دیا گیا ہے۔ فیسکو نے بجلی چوروں سے 40کروڑ 47لاکھ سے زائد کی ریکور ی بھی کرلی ہے۔ ضلع فیصل آباد میں اب تک 1605‘ ضلع جھنگ میں اب تک 553‘ ضلع بھکر میں اب تک 603‘ ضلع چنیوٹ میں 489‘ ضلع خوشاب میں 159‘ضلع میانوالی میں 672‘ ضلع سرگودھا میں547‘ ضلع ٹوبہ میں 369 بجلی چوروں کو پکڑا گیا۔ چیف ایگزیکٹو فیسکو انجنئیر محمد عامر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ فیسکو ریجن سے آخری بجلی چور پکڑے جانے تک یہ خصوصی مہم زوروشور سے جاری رہے گی۔ انہوں نے عوام الناس سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گردونواح میں بجلی چوری کی واردات کی اطلاع فوری طور پرفیسکو کو دیں تاکہ ملک سے بجلی چوری کا جڑ سے خاتمہ کیا جاسکے۔