اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزارت مواصلات نے قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر جرمانوں میں اضافہ کردیا ہے۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق اب بغیر لائسنس مسافر بردار اور مال بردار گاڑیوں کو 10 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔ حد رفتار کی خلاف ورزی پر موٹر سائیکل کو 1500، گاڑی کو 2500، ٹرکوں کو 5 ہزار اور بسوں کو 10 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔ اوور لوڈنگ پر مال بردارگاڑیوں پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا۔ دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر موٹر سائیکل اور کار سوار پر 500، ویگن پر 2 ہزار، بس اور مال بردار گاڑیوں پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا۔ بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکل، گاڑی اور ویگن چلانے پر 2 ہزار جبکہ بس اور مال بردارگاڑی چلانے والے کو 5 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا۔ آئی جی موٹر وے پولیس سلطان علی خواجہ کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین پر جرمانہ بڑھنے سے ٹریفک حادثات میں کمی آئے گی۔