نگران وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی کے فوری اقدامات سے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کا عمل آسان اور برق رفتار سے جاری،پنجاب بھرمیں شہریوں نے ریکارڈ ایک کروڑ 15 لاکھ لائسنس بنوا لئے۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی رات گئے پولیس خدمت مرکز لبرٹی پہنچ گئے،آئی جی ڈاکٹر عثمان انور اور سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ بھی ہمراہ تھے۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نےڈرائیونگ لائسنس کیلئے ٹیسٹ دینے والے شہریوں سے ملاقات کی اور آن لائن ٹیسٹ کا مشاہدہ کیا،ٹیسٹ میں فیل ہونے پرشہری کو دوبارہ تیاری کیساتھ آنے کی ہدایت دی۔وزیراعلیٰ نے شہریوں سےلائسنس بنوانے کےعمل کے وقت سے متعلق پوچھا،شہریوں نے پولیس خدمت مرکز میں ڈرائیونگ لائسنس کے سسٹم کو سراہا اور خدمت مرکز میں موجود عملے کے رویے اور کام کی بھی تعریف کی۔شہریوں نے کہا کہ اب لائسنس بنوانے میں تاخیر نہیں ہوتی ،نہ ہی انتظار کرنا پڑتا ہے،خدمت مرکز کا عملہ بھی رہنمائی اور بہت تعاون کرتا ہے۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ٹوٹی ہوئی ٹائلز کو فوری تبدیل کرنے کا حکم دیا ، انہوں نے حکم دیا کہ ٹوٹی ٹائلز کی جگہ فوری طور پر نئی ٹائلز لگائی جائیں،وزیراعلیٰ نے خدمت مرکز میں لائسنس کے اجراء کیلئے سہولتوں کو سراہا۔