پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف بیٹنگ جاری ہے اور پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنا لیے ہیں۔پاکستان کی جانب سے اننگ اوپن کرنے کیلئے آنے والے دونوں ہی بیٹر عبداللہ شفیق اور انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔عبداللہ شفیق دو گیندیں کھیلنے کے بعد اسٹارک کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ صرف دو ہی گیندیں کھیلنے کے بعد صائم ایوب بھی ہیزل وڈ کی گیند پر وکٹ کیپر ہاتھوں میں کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔شان مسعود 35 اور بابر اعظم 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ پاکستان کو پانچواں نقصان سعود شکیل کی صورت میں ہوا جو 5 رن کے مہمان ثابت ہوئے، 5 وکٹیں جلد گرنے کے بعد محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن 190 کے مجموعے پر رضوان 88 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔ساجد خان 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سلمان علی آغا نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی چھٹی نصف سنچری مکمل کی اور وہ 53 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ حسن علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
نو وکٹیں گرنے کے بعد عامر جمال نے میر حمزہ کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی نصف سنچری اسکور کی، انہوں نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔پاکستان کی پلیئنگ الیون سے امام الحق کو ڈراپ کیا گیا ہے جبکہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو آرام دینے کی غرض سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، ان دونوں کے متبادل کے طور پر نوجوان کھلاڑیوں صائم ایوب اور ساجد خان کو جگہ ملی ہے۔سڈنی ٹیسٹ کیلئے پلیئنگ الیون میں کپتان شان مسعود، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابراعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، ساجد خان، حسن علی، میر حمزہ اور عامر جمال کو شامل کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔