فیفا ورلڈکپ میں یوروگوائے نے گھانا کو پنلٹی شوٹس پرشکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا، ہالینڈ نے فیورٹ برازیل کو اپ سیٹ شکست دے  کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔

Jul 03, 2010 | 23:05

سفیر یاؤ جنگ
جنوبی افریقہ میں جاری فٹبال میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں گھانا اور یورو گوائے کے درمیان ہونے والا
میچ مقررہ اور پھر اضافی وقت میں ایک، ایک گول سے برابر رہا جس پر پنالٹی شوٹس پر یورو گوائے نے چار دو سے کامیابی حاصل کی۔ جوہانسبرگ میں کھیلے گئے میچ میں گھانا کے سُلی مونٹاری نے پہلے ہاف کے آخری لمحات میں گیند کو جال میں پھینک کر اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ جسے پچپن ویں منٹ میں یورو گوائے کے ڈیگو فورلان نے برابر کر دیا۔ مقررہ اور اور پھر اضافی وقت میں بھی میچ کا فیصلہ نہ ہونے پر پنلٹی شوٹس لگائی گئیں جس میں یورو گوائے کی ایک اور گھانا کی دو پنالٹی ککس ضائع گئیں اور یوروگوائے نے چار دو سے کامیابی حاصل کی۔
اس سے پہلے کھیلے گئے میچ میں ہالینڈ نے برازیل کو دو ایک سے اپ سیٹ شکست دے کر فائنل مرحلے میں جگہ بنائی۔ پورٹ الزبتھ میں کھیلے گئے میچ میں برازیل کے روبینو نے کھیل کے دسویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو پہلے ہاف تک برقرار رہی۔ دوسرے ہاف میں ہالینڈ کی ٹیم نے شاندار کم بیک کیا اور سٹرائیکر ویزلے شائنڈر کی کک پر برازیل کے ڈیفنڈر فیلپی میلو نے گیند اپنے ہی جال میں پھینک دی۔ اڑسٹھویں منٹ میں ہالینڈ کے شائنڈر نے خوبصورت ہیڈر کی بدولت گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔
مزیدخبریں