لاہور( این این آئی) پنجاب حکومت نے بجلی‘ گیس اور پانی چوری کی روک تھام اور اس میں ملوث افراد کیخلاف سخت اقدامات اٹھانے کےلئے اینٹی تھیفٹ سکوا ڈ تشکیل دےدیا،چوری پکڑنے کے لئے اٹھانے جانےوالے تمام اقدامات کو انتہائی خفیہ رکھا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے بجلی‘ گیس اور پانی چوری کی روک تھام کے لئے اینٹی تھیفٹ سکواڈ تشکیل دیدیا ہے ۔پہلے مرحلے میں فیکٹریوں ،کارخانوں اور پلازوں میں چھاپے مارکر وہاں بجلی اور گیس چوری پکڑی جائے گی ۔بتایا گیا ہے کہ اس سلسلہ میں ایک رپورٹ بھی پیش کی گئی ہے جسکے مطابق قصور ،اوکاڑہ ،شیخوپور ہ ،چونیاں، پتوکی، ننکانہ اور ناروال کے علاقوں میں بجلی اور گیس چوری کی شرح بہت زیادہ ہے ۔ان شہرو ں کے مضا فات میںکنڈ ے لگا کر ڈیروں ،گھروں اور ٹیوب ویلوں کے لئے بجلی چوری کی جاتی ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے صنعتی ،گھریلو اور کمرشل سطح پر بجلی چوری کی شرح سب سے کم ہے ۔بڑے مگر مچھو ں پر ہاتھ ڈالنے کے لئے تمام محکموں کو متعلقہ پولیس تھانوں کی بھرپور معاونت حاصل ہو گی۔