کراچی (سٹاف رپورٹر) تحریک عوام اہلسنت پاکستان کے چیئرمین محمد عاطف حنیف بلو نے کہا ہے کہ رمضان المبارک اور حج کے موقع پر سعودی حکومت کی جانب سے 90 اور 40 فیصد کوٹے میں کٹوتی سے پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کو بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا اور لاکھوں زائرین حج اور عمرہ کی سعادت سے محروم ہوجائیں گے۔ حج کے موقع پر 40 فیصد کٹوتی کا تمام ملبہ پرائیویٹ ٹورز آپرریٹرز کے سر ڈالنے کی بجائے 20 فیصد سرکاری کوٹے اور 20 فیصد پرائیویٹ ٹورز آپریٹرز کے کوٹے میں کمی سے پورا کیا جائے اور ایم پی اے اور ایم این اے کے کوٹے کو اس سال ختم کردیا جائے۔ میاں محمد نواز شریف سعودی حکومت سے اپنے ذاتی مراسم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کی جانے والی کٹوتی کو کم سے کم کرنے کی کوشش کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو تحریک کے مرکزی دفتر میں کراچی کے مختلف علاقوں سے آنے والے پرائیویٹ ٹورز آپریٹرز کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر عبدالقادر نورانی، علامہ اشرف گورمانی، مصطفیٰ سرور اعظمی، شہزادہ سکندر قادری، شعیب بابا، قاری غلام رسول، مفتی غلام مرتضیٰ مہروی اور دیگر بھی موجود تھے۔ محمد عاطف بلو نے کہا کہ خانہ کعبہ کی توسیع کے باعث حج اور عمرہ میں کٹوتی سے لاکھوں زائرین حج اور عمرہ کی سعادت سے محروم ہوجائیں گے اس لئے رمضان المبارک میں 90 فیصد کٹوتی کو کم کرکے اسے 50 فیصد کرایا جائے اور اس سلسلے میں میاں محمد نواز اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔