اسلام آباد(نوائے وقت نیوز+آئی این پی)راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بے نظیر قتل کیس کے مرکزی ملزم پرویز مشرف کو پولیس نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر عدالت میں پیش نہ کیا جبکہ سکیورٹی نہ ملنے پر ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر چوہدری اظہر بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے‘ پرویز مشرف کے وکیل کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ سابق صدر کو سنگین نتائج کی دھمکیاں مل رہی ہیں اس لئے انہیں عدالتی حاضری سے استثنیٰ دیا جائے‘ عدالت نے پولیس کو آئندہ سماعت پر پرویز مشرف کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 9 جولائی تک ملتوی کر دی۔ منگل کو راولپنڈی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج چوہدری حبیب الرحمان نے بے نظیرقتل کیس کی سماعت کی۔ سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے قتل کیس میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو پیش کیا جانا تھا تاہم پولیس کی جانب سے انہیں پیش نہیںکیا گیا جس پر عدالت نے کہا کہ گزشتہ پیشی پر بھی پرویز مشرف عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے تاہم ان کی عدالت حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی گئی تھی آج وہ کیوں پیش نہیں ہوئے۔ پرویز مشرف کی عدالت حاضری سے متعلق پولیس کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ پیشی کے لئے سکیورٹی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے پرویز مشرف کو پیش کرنا ممکن نہیں۔ مشرف کے وکیل نے کہا کہ میرے موکل کو دھمکیاں مل رہی ہیں اور ان کی جان کو سنگین خطرات لاحق ہیں اس لئے انہیں عدالت حاضری سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ عدالت نے ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر چوہدری اظہر کے بھی عدالت پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ وہ کیوں نہیں پیش ہوئے جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ چوہدری اظہر بھی مناسب سکیورٹی نہ ملنے پر عدالت میں پیش نہیںہوئے۔ بعد ازاں عدالت نے ملزم پرویزمشرف اور ایف آئی اے پراسیکیورٹر چوہدری اظہر کو سیکیورٹی فراہم کرنے اور آئندہ سماعت پرسابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے مقدمہ کی مزید سماعت 9 جولائی تک ملتوی کر دی ۔ واضح رہے سی پی او راولپنڈی ایک روزقبل ہی پرویز مشرف کے سیکیورٹی انتظامات نہ ہونے کے باعث عدالت کو آج حاضری سے استثنی کی درخواست دے چکے ہیں۔ دریں اثناءآن لائن کے مطابق عدالت نے بے نظیر قتل کیس میں گرفتار ملزم اعتزاز شاہ کی درخواست ضمانت پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے جن پر آئندہ سماعت کو بحث ہوگی۔
”بینظیر قتل کیس“ مشرف سکیورٹی خدشات پر پیش نہ ہوئے‘ 9 جولائی کو حاضر ہوں: عدالت
Jul 03, 2013