کابل (اے پی پی) کابل میں نیٹو کو سامان سپلائی کرنے والی کمپنی کے کمپاﺅنڈ پر خودکش حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں4 نیپالی گارڈز سمیت 11 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے جبکہ 4 حملہ آور بھی مارے گئے۔ طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔ذرائع ابلاغ کے مطابق خودکش حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے بھرے ٹرک کو کمپاﺅنڈ کے گیٹ کے قریب دھماکہ سے اڑا دیا۔ دھماکے میں 11افراد ہلاک اور 4زخمی ہوگئے۔ کابل پولیس کے سربراہ ایوب سالانگی نے بتایا کہ خودکش حملہ آور ٹرک میں سوار تھے اور جیسے ہی دھماکہ خیز مواد پھٹا تو ساتھ ہی حملہ آوروں کے 3 ساتھیوں نے فائرنگ کردی جس سے 4 افراد زخمی ہوئے تاہم جوابی کارروائی میں چاروں حملہ آور مارے گئے ۔سالانگی کے مطابق جائے وقوعہ سے 2 خودکش جیکٹس بھی برآمد کی گئی ہیں اور ہلاک ہونے والوں میں 4 نیپالی گارڈز اور ایک برطانوی اور ایک رومانیہ کا شہری اور افغان گارڈ شامل ہیں۔ حملہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 4 بجے کیا گیا، کابل کے ڈپٹی پولیس چیف کے مطابق کمپاﺅنڈ میں گھسنے کی کوشش کرنے والے دو خودکش حملہ آوروں اور محافظوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہواجس میں حملہ آور مارے گئے۔ اے ایف پی کے مطابق حملے میں کمپنی کمپاﺅنڈ کا داخلی حصہ تباہ ہو گیا۔ دھویں کے بادل پورے شہر پر پھیل گئے۔ متعلقہ کمپنی نیٹو کے متعدد بےسےز کو خوراک پانی اور دیگر اشیا فراہم کرتی ہے اس کے علاوہ فوجی گوداموں اور اقامت گاہوں کی دیکھ بھال کا کام بھی انجام دیتی ہے۔ طالبان کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے نیٹو کو سپلائی دینے والی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔
کابل : نیٹو کو سامان سپلائی کرنے والی کمپنی کے کمپاﺅنڈ پر خودکش حملہ‘ 11 افراد ہلاک
Jul 03, 2013