کابل+واشنگٹن(این این آئی+نمائندہ خصوصی)افغان الیکشن کمشن نے صدارتی امیدوارعبداللہ عبداللہ کی جانب سے لگائے گئے دھاندلی کے الزامات کے بعد سرکاری سطح پر صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے کے نتائج 22 جولائی تک ملتوی کردیئے ،دوسری جانب صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ نے نتائج کے موخر کئے جانے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب انتخاب میں دھاندلی کی تحقیقات ہوسکیں گی۔ امریکی وزیر خارجہ کیری نے افغان صدر کرزئی پر زور دیا ہے وہ صدارتی امیدواروں کے تحفظات دور کریں۔ افغان صدر کو فون پر قومی اتحاد اور پرامن سیاسی عمل کے فروغ پر زور دیا۔فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے افغان الیکشن کمشن کے ممبر شریفہ زرمتی نے بتایاکہ شفاف نتائج کو یقینی بنانے کے لیے صدارتی انتخاب کے نتائج کچھ دنوں کے لیے موخر کئے جارہے ہیں۔ امیدواروں کی شکایت پر چند بیلٹ بکسز کو چیک کیا جارہا ہے تاکہ نتائج میں کسی قسم کا شک و شبہ نہ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب نتائج کا اعلان 22 جولائی کو کیا جائے گا جبکہ نیا صدر2 اگست کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائے گا۔واضح رہے کہ افغان صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کوئی بھی امیدوار مطلوبہ50 فیصد ووٹ حاصل نہ کر سکا تھا ۔