لاہور (کامرس رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں رمضان کے دوسرے عشرے میں 14 ویں روزے کو بھی پرچون سطح پر سبزیوں اور پھلوں کی گراں فروشی نہ رک سکی۔ بیشتر دکانداروں نے صارفین کو درجہ دوم کی سبزیاں اور پھل درجہ اول کے سبزیوں اور پھلوں کے مقررہ نرخوں سے بھی 10 روپے سے 100روپے زائد میں فروخت کئے۔ علامہ اقبال ٹاون،الحمد کالونی،نیلم بلاک،گارڈن ٹاون ،گلبرگ ،ایجوکیشن ٹاون ،فیصل ٹاون ،اچھرہ ،سمن آباد، مزنگ ، اندرون شہر اور گلشن راوی ،سبزہ زار سمیت دیگر علاقوں میں سبزی فروشوں اور پھل فروشوں نے اپنی دکانوں پر سرکاری نرخ نامے تو آویزاں کئے ہیں لیکن کہیں بھی سرکاری نرخ نامہ پر عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے۔ سبزیوں میں ایک کلو آلوکچا چھلکا کی قیمت25 روپے مقرر کی گئی لیکن دکاندار اسے37 روپے تک فروخت کرتے رہے۔ پیاز 36 کی بجائے46 روپے، ٹماٹر 44 روپے کی بجائے70، لہسن دیسی 96 کی بجائے 129روپے، لہسن چائنہ 122 روپے کی بجائے 170روپے، ادرک چائنہ 190روپے کی بجائے 280روپے،بینگن11روپے کی بجائے22روپے، پالک20 کی بجائے 29 روپے، کریلے 27روپے کی بجائے 40 روپے،، لیموں دیسی 122 کی بجائے 220 روپے، پھلیاںباریک 53 روپے کی بجائے 65 روپے، بند گوبھی 40روپے کی بجائے59 روپے، پھول گوبھی 42 کی بجائے 60 روپے، اروی64 کی بجائے 80 روپے، گھیا کدو 18 کی بجائے 29 روپے، گھیا توری 30 کی بجائے 40 روپے، مولی 14روپے کی بجائے 18 روپے، بھنڈی42 کی بجائے 60 روپے، ٹینڈے دیسی 42کی بجائے 60 روپے، پھلوں میں سیب سفید 110 روپے کی بجائے 125 روپے، سیب کالا کولو پاکستانی 162 کی بجائے 250 روپے، کھجور عراقی 145 روپے کی بجائے 200 روپے، آڑو90 کی بجائے 140 روپے، آلوبخارہ96 کی بجائے 150 روپے، آم سندھری 108 کی بجائے 115 روپے، کیلا اول درجن 97 کی بجائے 150 روپے، کیلا دوم درجن 66 روپے کی بجائے 100 روپے، خربوزہ 42 کی بجائے 55 روپے، انگور گولہ کالا 162روپے کی بجائے250روپے،انگور سندر خانی 262روپے کی بجائے 340 روپے، کھجور ایرانی 170روپے کی بجائے240روپے میں فروخت ہوئی۔ گزشتہ روز ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت اور انڈوں کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا اور برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 228روپے جبکہ ایک درجن انڈوں کی قیمت 80روپے رہی۔