وزیرداخلہ کا بیان مضحکہ خیز‘ زرداری سارے مقدمات میں بری ہو چکے سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی

Jul 03, 2016

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ وزیرداخلہ کا گزشتہ روز کا بیان انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ پیپلزپارٹی کے بارے میں بات کرتے ہوئے وہ اکثر عقلی استدلال کھو بیٹھتے ہیں اور غصہ اور نفرت میں خلاف حقائق گفتگو کرتے ہیں۔ ان کے لگائے الزامات پاکستان اور بیرونی دنیا کی عدالتوں میں ٹرائل ہو چکے ہیں اور پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کو ان الزامات سے بری کیا جا چکا ہے‘ لیکن وزیرداخلہ کا زہر ہے کہ ختم ہونے کو ہی نہیں آتا۔ ایک بیان میں وفاقی وزیرداخلہ کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا سوئس کیسز میں جو مسلم لیگ کی حکومت احتساب بیورو نے سیف الرحمن کی قیادت میں بی بی شہید اور زرداری کے خلاف بنوائے تھے اور ان ہی مختلف کیسز میں آصف زرداری نے تقریباً 11 سال جیلوں میں گزارے اور بالآخر وہ ان سارے کیسز میں بری ہوئے۔ اگر وزیرداخلہ کے پاس کوئی ثبوت ہیں اور وہ اس پر ایکشن نہیں لے رہے تو اس کا مطلب یہ ہے وہ اس کو بلیک میلنگ کیلئے استعمال کر رہے ہیں جو مجرمانہ فعل ہے۔ انہوں نے سمیع الحق کے حالیہ بیانات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا پیپلزپارٹی کے دور میں مدرسہ حقانیہ اور سمیع الحق کو فنڈ دینے کا الزام درست نہیں۔ اس وقت سمیع الحق سینیٹر تھے اور ان کو سینیٹر کا مخصوص ترقیاتی فنڈ دیا گیا تھا جو انہوں نے مدرسے کیلئے استعمال کیا تھا۔ پیپلزپارٹی کسی ایسے مائنڈ سیٹ کو فروغ نہیں دے گی جو ملک میں انتہاپسندی اور دہشت گردی کو فروغ دیتا ہو۔
وزیراطلاعات پی پی

مزیدخبریں