ملتان (آئی این پی) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما وسابق وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر عید الفطر کے بعد پارٹی کی تنظیم نو کے سلسلے میں کوآرڈینیشن کمیٹی مختلف اضلاع کا دورہ کرے گی اور متحرک کارکنوں کو اہم عہدوں پر ذمہ داریاں دی جائیں گی۔ وہ اپنی رہائش گا ہ پر کارکنوں کے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرائیکی خطے کی محرومیوں کے خاتمے کے لئے بھرپور کردار ادا کیا اور آج بھی پیپلز پارٹی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔ بڑھتی ہو ئی مہنگائی کی وجہ سے عوام آج عید کی خوشیوں سے بھی محروم ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ بڑھتی ہوئی بے روزگاری کی وجہ سے نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لئے پھر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی آج بھی ملک کی ایک بڑی جماعت ہے تحریک انصاف کی عیدالفطر کے بعد احتجاجی تحریک میں شامل ہو نے بارے پیپلز پارٹی کی سی سی کرے گی۔
یوسف رضا گیلانی
مہنگائی کی وجہ سے عوام عید کی خوشیوں سے محروم ہو گئے: یوسف رضا گیلانی
Jul 03, 2016